اسلام آباد،راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد پر چڑھائی کی نیت سے آنے والے جتھے کو ایسے انجام سے دوچار کریں گے آئندہ کوئی ایسا سوچے گا بھی نہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ عمران خان ملک کو افراتفری اور انارکی میں لےکر جاناچاہتے ہیں، ان کے ہر پروپیگنڈے کا فوری جواب دیا جائے گا۔ لانگ مارچ کے موقع پر پنجاب اور خیبر پی کے میں ممکنہ گورنر راج کے نفاذ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس کا فیصلہ کابینہ نے کرنا ہے تاہم فی الوقت ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ جبکہ اسلام آباد‘ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاﷲ نے سوشل میڈیا پر سامعین سے گفتگو میں عمران خان کو غیر مشروط طور پر پی ڈی ایم قیادت سے بات کرنے کی پیشکش کر دی۔ رانا ثناءاﷲ نے کہا کہ عمران نیازی اپنا رویہ سیاستدانوں والا رکھے تو پھر بات ہو سکتی ہے۔ عمران نیازی غیر مشروط طور پر پی ڈی ایم قیادت سے رابطہ کریں‘ بیٹھ کر بات کریں اس کے بعد پاکستان کی بہتری کا سامان پیدا ہو گا۔ الیکشن موجودہ اسمبلی کی آئینی مدت پوری ہونے پر ہوں گے۔ عمران خان کے لانگ مارچ میں 10 سے 12 ہزار کے قریب لوگ ہیں۔ عمران خان نے قوم کو گمراہ کر رکھا ہے۔ وزیراعظم نے لانگ مارچ کا جائزہ لینے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ عمران نیازی پرامن احتجاج کریں تو پھر ہمیں حق نہیں کہ اسے روکیں، اگر یہ اسلام آباد کا محاصرہ کریں گے تو بھرپور طاقت سے روکیں گے۔ عمران خان اپنا رویہ تبدیل کرے اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ بیٹھے‘ معاشی بدحالی ہے اس پر بات کرے ہم ملک کو بہتری کی طرف لیکر جا رہے ہیں اور یہ رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ جب تک ہمیں عوام کو ریلیف نہیں دیں گے اسی صورتحال کا سامنا رہے گا۔ گزشتہ روز ادارے کی طرف سے قوم کو گواہ بنا کر کہا گیا آئینی کردار ادا کریں گے۔ فوج پر چڑھائی نہیں ہو سکتی۔ عمران نیازی ایسی بات ذہن میں لیکر آئے تو تسلی بخش انتظامات کئے ہیں، ہم کسی نقصان کی طرف جانے کی نہ نیت رکھتے ہیں نہ ہماری سوچ ہے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے ہائیکورٹ بارا یسوسی ایشن راولپنڈی سے خطاب میں کہا کہ وکلاءکے مطالبے پر آج یہاں ہائیکورٹ بار راولپنڈی میں پاسپورٹ دفتر اور پاسپورٹ فیس آسان ایپ کا افتتاح کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا پاسپورٹ فیس آسان ایپ کے ذریعے اب گھر بیٹھے پاسپورٹ فیس جمع کروائی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں 179 پاسپورٹ دفاتر پوری طرح فعال ہیں، جلد مزید 10 دفاتر کام کا آغاز کر دیں گے اور پھر مرحلہ وار ملک کی ہر تحصیل اور بڑے قصبوں میں بھی پاسپورٹ کا¶نٹر یا دفاتر قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ اگر میں مخالف کو برداشت نہیں کر سکتا تو جمہوریت ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بقاءآئین و قانون کی بالادستی میں پوشیدہ ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ کسی جتھے کو اسلام آباد پر چڑھائی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور بری نیت سے آنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ جتھہ کلچر کی سوچ کو جڑ سے ختم کر دیں گے، جتھہ کلچر کے فروغ سے ملک تباہ ہو رہا ہے اور ریاست کا وجود خطرے میں ہے، کسی ٹولے کو اپنی حماقت، تکبر اور پاگل پن کی وجہ سے قوم کو غربت کی جانب نہیں دھکیلنے دیں گے۔ عمران خان کے لانگ مارچ کے لئے اعلی عدلیہ نے پیرامیٹرز طے کر دیئے ہیں، لیکن اگر کسی نے چڑھائی کرنے کی کوشش کی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ نے جمعہ کو راولپنڈی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن میں نئے پاسپورٹ کاﺅ نٹرکے اجرا اور پاسپورٹ فیس آسان ایپ کے افتتاح کے موقع پر بار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بار کے صدر طلعت محمود زیدی اور سیکرٹری ملک خرم شہزاد کے علاوہ بار عہدیداروں اور اراکین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ اینٹی کرپشن پنجاب کی کارروائی کے خلاف عدالتی فیصلے کے بعد عمران خان کو نہ صرف پنجاب حکومت کو برطرف کرنا چاہئے بلکہ اینٹی کرپشن پنجاب میں بھی بڑی تبدیلیاں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کو خوش کرنے کے لئے اینٹی کرپشن نے جو وارنٹ حاصل کئے تھے وہ خود ہی واپس لے لئے ، بے بنیاد کیس کے ذریعے سیاسی انتقام کی اس سے گھٹیا مثال اور کوئی نہیں ہو سکتی، عمران نیازی کی دشنام طرازی سے فوج کے شہداءاور غازیوں کے لواحقین کی بھی دل آزاری ہوتی ہے۔