لاہور+اسلام آباد (سپیشل رپورٹر+خصوصی رپورٹر) حامد خان گروپ کے صدارتی امیدوار نے تین سال بعد عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار کو شکست دے دی۔ عابد شاہد زبیری، خالد جاوید کو شکست دیکر صدر سپریم کورٹ بار منتخب ہوگئے۔ وکلا نے جشن منایا، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے، مٹھائیاں تقسیم کیں۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات -23 2022ءمیں حامدخان گروپ کے حمایت یافتہ پروفیشنل گروپ کے صدارتی امیدوار عابد شاہد زبیری نے1285 ووٹ لیکر میدان مار لیا ہے۔ عاصمہ جہانگیر گروپ کے حمایت یافتہ انڈیپینڈنٹ گروپ کے امیدوار خالد جاوید 1207ووٹ لے کر ہار گئے ہیں۔ سیکرٹری کی نشست پر 1222 ووٹ لیکر حامد خان گروپ کے مقتدر ا ختر شبیر فاتح قرار پائے ہیں جبکہ عاصمہ جہانگیر گروپ کے سید علی عمران 1105 ووٹ لے سکے ہیں نومنتخب صدر عابد شاہد زبیری کو ریفارمرز گروپ کے سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ عبدالرحمان، جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق، آذر لطیف خان کھوسہ گروپ کے خرم لطیف کھوسہ، ق لیگ کے جہانگیر اے جھوجھہ، سابق صدر سپریم کورٹ بار سید علی ظفر سمیت دیگر معروف وکلاءکی بھرپور حمایت حاصل تھی۔ چاروں صوبوں کی نائب صدارت کیلئے 8 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا، سپریم کورٹ بار الیکشن کے مصدقہ اورحتمی نتائج کا اعلان 3 نومبر کو کیا جائے گا۔ نو منتخب صدر عابد زبیری نے کہا اپنے منشور پر عملدر آمد کرانے کی کوشش کروں گا، کیسوں کی سماعت بارے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کراﺅنگا، جوڈیشری کے ساتھ بہتر تعلقات کیلئے کام کیا جائے گا،ججوں کی تعیناتی سمیت دیگر مسائل بات چیت سے حل کریں گے۔ لاہور میں 961 ووٹ کاسٹ ہوئے ہیں، دونوں صدارتی امیدواروں نے برابر 470ووٹ لیے دیگر صدارتی امیدواروں نے 8ووٹ حاصل کئے اور 13 ووٹ مسترد ہوئے ہیں۔ لاہور سے سیکرٹری کی نشست پر مقتدر اختر 562 ووٹ لیکر آگے رہے ہیں۔ سیکرٹری کی نشست پر امیدوار سید علی عمران 350 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہے۔ عابد شاہد زبیری نے اسلام آباد سے 24ووٹوں سے میدان مار لیا ہے۔ پروفیشنل گروپ کے صدارتی امیدوار عابد شاہد زبیری نے 251 جبکہ انڈیپنڈنٹ (عاصمہ جہانگیر) گروپ کے صدارتی امیدوار خالد جاوید خان نے 227ووٹ لئے ہیں۔
سپریم کورٹ بار