کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی کے علاقے ماڑی پورمچھر کالونی میں شہریوں نے نامعلوم افراد کے ہاتھوں لٹنے والے نجی کمپنی کے 2ملازمین کو اغوا کار سمجھتے ہوئے تشددکا نشانہ بنا کر ہلاک کردیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت 3 افراد کو گرفتار کرلیا، مزید کی تلاش جاری ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق دو ملازمین کار پر سوار تھے، جنہیں مشتعل افراد نے اغوا کار قرار دے کر تشدد کا نشانہ بنایا اور کار کو بھی آگ لگا دی جبکہ دونوں مقتولین کو بچاتے ہوئے ایک پولیس اہلکار بھی شدید زخمی ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب ڈی آئی جی جنوبی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کیماڑی کو انکوائری کی ہدایت کردی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ موبائل کمپنی کے ملازمین سے لوٹ مار کی گئی، جس کے بعد ملوث افراد نے انہیں ڈاکو قرار دے دیا، جس پر علاقہ مکین جمع ہوگئے اور انہوں نے مقتولین کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ علاقہ پولیس جب جائے وقوعہ پر پہنچی تو ہجوم نے دونوں افراد کو پولیس کے حوالے کرنے سے انکار کرتے ہوئے بتایا کہ یہ لوٹ مار میں ملوث اور ڈکیتی کرنے آئے تھے، پولیس نے جب حوالگی کیلئے کہا تو ہجوم نے پولیس پر حملہ کرکے انہیں بھاگنے پر مجبور کردیا۔ پولیس ایک بار پھر مزید نفری اور رینجرز کے ہمراہ علاقے میں پہنچے تو حملہ آوروں نے اپنا بیان بدل دیا اور خواتین نے کہا کہ تشدد کے شکار افراد بچوں کو اغوا کررہے تھے۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ساتھ زون عرفان بلوچ نے بتایا کہ ابھی تک قتل کی اصل وجہ سامنے نہیں آسکی ہے، لیکن جائے وقوعہ سے مقتولین کے موبائل فون اور لیپ ٹاپ غائب ہیں، جو اس طرف اشارہ کرتے ہیں کہ انہیں لوٹا گیا ہے۔ عرفان بلوچ کا کہنا ہے کہ پولیس ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاو¿ن کررہی ہے، اب تک موبائل فوٹیج کی مدد سے مرکزی ملزم عبدالغفور سمیت 3 افراد کو حراست لیا جاچکا ہے۔
شہری/مار ڈالا
کراچی ہجوم نے 2نجی کمپنی ملازمین کو اغوا کار سمجھ کر مار ڈالا```
Oct 29, 2022