اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بدحالی اور تباہ کاری کی صورتحال بہت سنگین جبکہ بحالی و تعمیر نو کےلئے وسائل محدود ہیں، ہم متاثرین کی مدد و بحالی کیلئے کام کر رہے ہیں جبکہ عمران خان اس صورتحال میں بھی سرکس تماشا لگانا چاہتے ہیں، ان کی حکومت نے ملک کو عالمی سطح پر تنہا کیا، انہیں ملک کی نہیں اپنی ذات، سیاست اور اقتدار کی فکر ہے، اقتدار آنی جانی چیز ہے اس کےلئے ملک کو داو¿ پر نہیں لگانا چاہیے ، موجودہ حکومت کام کر رہی ہے اور کرتی رہے گی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کے بعد متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے حوالے سے جائزہ رپورٹ جاری کردی گئی ہے ، نقصانات کا تخمینہ اربوں ڈالر لگایا گیا ہے، متاثرہ علاقوں میں لوگ اپنے مستقبل کے حوالے سے پریشان ہیں ، حکومت ترقیاتی شراکت داروں کی معاونت سے متاثرین کی مشکلات کو دور کرنے اور تباہ حال انفراسٹرکچر کی بحالی و تعمیر نو کے ہرممکن اقدامات کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے ۔اس صورتحال میں اپوزیشن کا کردار سب کے سامنے ہے ، یہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ جب حکومت عالمی برادری کو ساتھ لے کر ملک اور عوام کی بہتری کے لئے کام کر رہی ہے تو عمران خان جھوٹے بیانیے کی بنیاد پر جلاﺅ گھیراو کی ترغیب دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مارچ لانگ نہیں شارٹ مارچ ہے، ان کے اپنے لوگ کہہ رہے ہیں کہ یہ خونی مارچ ہوگا، اس سے صاف ظاہر ہے کہ یہ اقتدار کی ہوس میں کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ صبح گالی دیتے ہیں اور رات کو منت ترلے کرتے ہیں ، انہیں صرف اپنی ذات ، سیاست اور اقتدار کا لالچ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس وقت پاکستان کو سیلاب کے باعث ہونے والی تباہ کاریوں سے نکالنے کے لئے کوشاں ہے اور عمران خان نے سرکس تماشا لگا رکھا ہے ، لوگ انہیں پہچان چکے ہیں ، انہوں نے سیلاب متاثرین کیلئے کچھ نہیں کیا، متاثرین کے نام پر دو ٹیلی تھونز کیں لیکن جمع ہونے والا پیسہ کہاں گیا کچھ معلوم نہیں ۔ شیری رحمن نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کیا ، ملک کو معاشی اور سیاسی بحران کی دلدل میں دھکیل دیا تھا لیکن اب موجودہ وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے بھرپور محنت سے اس تنہائی کو ختم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب خونی مارچ کے ذریعے ملک کے خلاف سازش کی جارہی ہے لیکن اسے کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ صحافی ارشد شریف کے واقعہ کو متنازع بنایا جا رہا ہے ، ان کی جان کو یہاں خطرہ تھا تو انہیں تحفظ دیا جا سکتا تھا لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پرامن احتجاج سب کا جمہوری حق ہے لیکن جلاﺅ گھیراﺅ کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اپوزیشن والے ملک کو کدھر لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں اور وہ کیا کر رہے ہیں یہ سب کے سامنے ہے۔
شیری رحمن