ٹیلیفون پر ہراساں ،سنگین نتائج کی دھمکیاں،ڈرائیور کے خلاف مقدمہ  

Oct 29, 2022


 کلر سیداں (نامہ نگار) ٹیلیفون پر ہراساں کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے پر خواتین اساتذہ نے ڈرائیور کے خلاف تھانہ کلر سیداں میں درخواست دے دی۔گورنمنٹ بوائز ہائی سکول سر صوبہ شاہ میں تعینات مس ارم النساء نے اپنی سات خواتین اساتذہ کی جانب سے مشترکہ درخواست میں بیان کیا کہ میں ایلیمنٹری ٹیچر ہوں اور راولپنڈی میں رہائش پذیر ہوں اور روزانہ 100 کلومیٹر کا سفر طے کر کے اور طرح طرح کے مسائل سے گزر کر اپنی ڈیوٹی پر پہنچتی ہوں۔میں دیگر خواتین اساتذہ کے ہمراہ کیری ڈبہ نمبری 284میں آتی تھی جس کا ڈرائیور عرفان سکنہ ٹکال اور مالک شہریار سکنہ گف کا رہائشی ہے۔گاڑی کے ڈرائیور کی طرف سے مختلف وجوہات بنا کر بار بار تنگ کیا جاتا تھا جس کی بنا پر گاڑی تبدیل کرنا پڑی لیکن مذکورہ بالا ڈرائیور کی طرف سے بار بار گاڑی روک کر ہراساں کیا جا رہا تھا۔کبھی کالز کر کے دھمکیاں دیتا ہے کہ اگر میری گاڑی واپس نہ لگائی تو میں تمہاری گاڑی کو ٹکر ماردونگا۔ایک دن قبل میرے سکول کے اساتذہ کی طرف سے اس ڈرائیور کو بلا کر سمجھانے کی کوشش کی گئی۔آج سکول آتے ہی چوآ خالصہ کے مقام پر مذکورہ بالا ڈرائیور عرفان نے ہماری گاڑی کو روکا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ ڈرائیو ر نے ہمارا جینا حرام کر رکھا ہے، ہر دوسرے دن گاڑی روک کر ہراساں کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے میرے لئے ملازمت جاری رکھنا مشکل ہو گیا ہے اور اس کے علاوہ روزانہ گاڑی روکنے کی وجہ سے ہم بروقت سکول نہیں پہنچ پاتیں جو کارسرکار میں مداخلت کے زمرے میں بھی آتا ہے۔

مزیدخبریں