کراچی (اسپورٹس رپورٹر) بائیسویں پیراگون سندھ گولف امیچور گولف چیمپین شپ کے پہلے روز عبدا للہ عنصر لیڈر بورڈ پر سرِفہرست رہے۔جمعہ کو چیمپین شپ کے پہلے روز کراچی گالف کلب کے عبدا للہ عنصر 73ون اوور پار کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ کراچی گالف کلب ہی کے ارسلان خان، لاہور جمخانہ کے قاسم علی خان کے ہمراہ 3 اوور پار کے ساتھ مشترکہ طور پر عبداللہ کا تعاقب کر رہے ہیں۔ کراچی گولف کلب کے ہی دانیال خان پہلے دن چوتھے نمبر پر ہیں۔ ویٹرن کیٹگری نائن ہولز میں ڈی ایچ اے کراچی کے میجر رضوان فاروق 4 اوور پار کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔ ریحان مرزا 5اوور پار کے ساتھ دوسرے نمبر پررہے۔ 75 سال سے زائد عمر کی کیٹگری میں کرنل شاہد محبوب سرفہرست ہیں۔ پہلے روز برتری حاصل کرنے والے عبدا للہ عنصر نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ وہ آئندہ دو روز بھی اپنی برتری قائم رکھیں تاکہ وہ چیمپین شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر سکیں۔ تین روزہ 54ہول پر مشتمل ٹورنامنٹ پاکستان گولف فیڈریشن کے قوائد اور قوانین کے مطابق کھیلا جا رہا ہے۔ اس سال کے لیڈر کا فیصلہ اتوار 30اکتوبر کو کھیلے جانے والے فائنل رائونڈ کے بعد ہوگا۔