لاہور(خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے گزشتہ روز کہاہے کہ اسلام فضول خرچی اوراسراف سے سختی روکتا ہے۔ ہر بندہ مومن کو حلال وحرام میں تمیزکرنے کی سخت ضرورت ہے، حرام کھانے پینے والے کی دعاقبول نہیں ہوتی۔اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں کئی مقامات پر حلال کھانے،حرام سے بچنے کی تاکید فر مائی ہے۔ اسلام ایک ایسا منظم دین جس میں زندگی بسر کرنے کا مکمل طریقہ بتایا گیا ہے۔ ایک مسلمان کو چاہیے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں کا شکر ادا کرے اور کھانے پینے کے سلسلے میں حلال وحرام کا خاض خیال رکھے۔ کھانا پینا ہمیشہ ہاتھ دھو کر دائیں اور سیدھے ہاتھ سے کرنا چاہیے۔ کھڑے ہوکر کھانا کھانا خلافِ سنت ہے۔ میانہ روی سے کھانا کھانا اور مکمل طور پر پیٹ نہ بھرنا بھی کھانے کے آداب میں شامل ہے۔ کھانے پینے میں اعتدال اور میانہ روی اختیار کرنی چاہیے۔ کھانا کھانے کے آداب میں سے ایک یہ ہے کہ انسان کے جسم کو جتنی ضرورت ہو صرف اسی مقدار میں کھانا کھائے اور اگر اس مقدار سے زیادہ کھائے گا تو وہ اسراف حساب ہوگا۔کھانے میں عیب نہ نکالنا اوراس کی مدح و تعریف کرنا مستحب ہے۔ حضور اکرم نے کھانے میں کبھی عیب نہیں نکالے، آپ کو کھانا پسند آتا تو کھا لیتے اور اگر نہیں آتا تو چھوڑ دیتے تھے۔
اسلام فضول خرچی اوراسراف سے سختی روکتا ہے:راغب حسین نعیمی
Oct 29, 2022