اسلامی انقلاب کی ضرورت ،نام نہاد جمہوری ادوار ، مارشل لا ءناکام :حافظ ادریس 

Oct 29, 2022


 لاہور(خصوصی نامہ نگار)مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ قرآن و سنت کا نظام نوراور انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔ ملک کو اسلامی انقلاب کی ضرورت ہے۔ نام نہاد جمہوری ادوار اور مارشل لا حکومتیں ڈلیور کرنے میں ناکام ہو گئیں۔ سامراجی نظام نے لوگوں کو غلامی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ سودی معیشت خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ اس لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوںنے جامع مسجد منصورہ میں گزشتہ روز اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی اور نالائقیوں کی وجہ سے معیشت تباہ اور ملک آئی ایم ایف کا مقروض ہو چکا ہے۔ 


مہنگائی اور بے روزگاری نے لوگوں کو ذہنی مریض بنا دیا۔ ہر روز اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی کی قوت خرید ختم ہو گئی ہے۔ تینوں سیاسی جماعتیں اپنے مفادات کیلئے لڑ رہی ہیں۔ غریب کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ عوام کو کھوکھلے نعروں اور جھوٹے وعدوں سے ٹرخایا جا رہا ہے۔ لوگوں کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے۔ حقیقی تبدیلی قرآن و سنت کے نظام کو اپنانے میں ہے اور جماعت اسلامی ملک میں اس کے نفاذ کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔

مزیدخبریں