کراچی (نیوز رپورٹر) پاکستان میں ہر 24گھنٹوں کے دوران 109خواتین بریسٹ کینسر کی وجہ سے انتقال کررہی ہیں جو کہ ملک میں تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتا ہے۔ اس لیے خواتین میں بریسٹ کینسر کے بارے میں آگاہی پھیلانے کیلئے پوری قوم خاص طور پر میڈیا موثر کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ماہرین نے گذشتہ روز سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے زیر اہتمام پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن اور کولگیٹ پامولو پاکستان کے اشتراک سے سر شاہنواز بھٹو آڈیٹوریم میں چھاتی کے سرطان
سے متعلق منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت نیشنل اسپتال کراچی کے شعبہ جنرل سرجری کی سربراہ ڈاکٹر روفینہ سومرو نے کہا کہ سندھ کے بڑے شہروں میں چھاتی کے کینسر کی اسکریننگ اور اس مرض کا جلد پتہ لگانے کے لیے محدود سہولیات موجود ہیں۔ لیکن صوبے کے دیگر علاقوں خاص طور پر اس کے دیہی علاقے ایسی سہولیات سے مکمل طور پر محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی دیہی خواتین کی اکثریت جان کو لاحق اس قسم کے خطرے سے آگاہ نہیں ہیں۔ اس لیے یہ سندھ کی تعلیم یافتہ آبادی پر منحصر ہے کہ وہ اپنی خواتین اراکین کو چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہ کریں۔ان کا کہنا تھا کہ خواتین میں آگاہی پھیلانے میں پرنٹ کے ساتھ ساتھ الیکٹرانک میڈیا بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے لیکن سندھ کے دیہی علاقوں میں ایسی معلومات ریڈیو ٹرانزسٹر کے ذریعے خواتین تک پہنچائی جا سکتی ہیں کیونکہ وہاں یہ اب بھی استعمال میں ہے۔مقررین کا خیال تھا کہ ملک کے کچھ رسم و رواج اور اخلاقی اقدار خواتین کے ساتھ چھاتی کے کینسر سے متعلق معلومات کا تبادلہ کرنے میں بھی رکاوٹ ہیں۔ یہاں تک کہ خاندانوں کے مرد افراد بھی اپنی خواتین کو ایسی معلومات نہیں دیتے تھے۔ انہوں نے معاشرے کے پڑھے لکھے خواتین اور مرد اراکین پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کی خواتین میں چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی فراہم کریں۔فاطمہ لاکھانی، چیئرپرسن، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ویمن اسپورٹس کمیشن نے اپنے ابتدائی کلمات میں صحت سے متعلق آگاہی پر بات کی اور تجویز پیش کی کہ خواتین اور لڑکیوں کو اپنے صحت کے مسائل سے آگاہ ہونا چاہیے۔ باقاعدگی سے چیک اپ انہیں چھاتی کے کینسر سے بچانے میں مدد دے سکتا ہے۔ پاکستان اولپمک ایسوسی ایشن کے رکن اور ایس ایم آئی کے سابق طالبعلم سید وسیم ہاشمی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ سیمینار کے آخر میں سوال و جواب کا سلسلہ بھی ہوا۔پروگرام میں محکمہ صحت حکومت سندھ کی سابقہ سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شہناز میمن پی او اے کے نمائندوں، ایس ایم آئی یو کے فیکلٹی اور اسٹاف ممبران اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
چھاتی کا کینسر
سندھ کے بڑے شہروں میں بریسٹ کینسر اسکریننگ کی سہولیات انتہائی محدود‘ اندرون سندھ ناپید ہیں‘ ڈاکٹر روفینہ سومرو
Oct 29, 2022