کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی کے علاقے منگھو پیر کی پوش رہائشی آبادی کے لیے واٹر بورڈ کی مرکزی لائن سے غیر قانونی کنکشن لیتے ہوئے 3 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ضلع ویسٹ کراچی فیصل بشیر میمن کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر منگھو پیر پولیس نے منگھو پیر روڈ پر نیا ناظم آباد کے قریب کارروائی کی، جہاں کشمیر خان نامی ٹھیکیدار نے 3 انچ قطر کی غیر قانونی لائن ڈالی تھی۔پولیس کے مطابق ملزمان اور اس کے ساتھی منگھو پیر روڈ پر واٹر بورڈ کی 66 انچ قطر کی مرکزی لائن سے غیر قانونی کنکشن لے رہے تھے۔فیصل بشیر میمن کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کاروائی کی۔پولیس کے مطابق ملزمان نے واٹر بورڈ کی 66 انچ کی مرکزی واٹر سپلائی لائن کو نقصان پہنچایا، ملزم شریف کشمیری، گل محمد اور مسافر خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ملزمان کے خلاف منگھو پیر تھانے میں ایف آئی آر نمبر 103/2022 اے ایس آئی محمد ارشد کی مدعیت میں درج کر لی گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق واٹر بورڈ کے اینٹی واٹر پمپ سیل نے چند روز قبل ہی پوش آبادی کے کنکشن منقطع کیے تھے۔واٹر بورڈ کے ٹھیکیدار کے مطابق مقامی اہلکاروں کی مدد سے غیر قانونی لائن ڈال رہا تھا کہ پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کی۔
ملزمان اور اس کے ساتھی منگھو پیر روڈ پر واٹر بورڈ کی 66 انچ قطر کی مرکزی لائن سے غیر قانونی کنکشن لے رہے تھے
Oct 29, 2022