سیہون شریف (نامہ نگار )گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر پر حاضری دی اور چادر چڑھائی اور ملک کی سالمیت اور خوشحالی کے لیے دعا کی - گورنر سندھ نے درگاہ قلندر کی جامع مسجد میں جمعہ کی نماز بھی ادا کی- اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا لانگ مارچ خونی ہونے سے متعلق فیصل واوڈاکے بیان کو نظرانداز نہیں کرسکتے اس بیان کاوزارت داخلہ کو نوٹس لینا چاہیے کیونکہ یہ کسی پارٹی کا نہیں ملک کا مسئلہ ہے - انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ اور اجتماع کرنا تمام سیاسی پارٹیوں کا حق ہے مگر اس کا کوئی مقصد ہونا چاہیے - ملک اس وقت مسائل سے دو چار ہے کوروناکے بعدسیلاب کی تباہی سے معیشت کوبہت نقصان ہواہے - اس موقع پر عمران خان کو سیاست سے ہٹ کر ملک کے بارے میں سوچنا چاہیے ملک کو سیاست کی نظر نہیں کرنا چاہیے اور انتشار پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے - ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ صحافی ارشد شریف ملک کااثاثہ تھے ان کی ہلاکت پر انتہائی افسوس ہے - گورنر سندھ نے کہا کہ اس سال شدید بارشوں کے باعث لوگ بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں - حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے خصوصی پیکیج دیکر ان کی ہرممکن مدد کی جارہی ہے۔
کامران ٹیسوری
عمران خان کو ملکی مفاد میں سوچنا چاہیئے، کامران ٹیسوری
Oct 29, 2022