امریکا، نینسی پلوسی کے گھر پر حملہ ، ہتھوڑے کے حملے سے شوہر زخمی

Oct 29, 2022 | 15:21

ویب ڈیسک

امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی کے سان فرانسسکو میں واقع گھر پر حملہ کے دوران حملہ آور نے ان کے شوہر کو ہتھوڑے کے وار سے شدید زخمی کر دیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق واقعہ گزشتہ صبح پیش آیا اور اس وقت نینسی پلوسی گھر پر موجود نہیں تھیں۔رپورٹ کے مطابق جب حملہ آور گھر میں گھسا تو اسی وقت پال پلوسی نے پولیس کو 911 پر ہنگامی کال کر دی تھی۔ حملہ آور ان کے قریب پہنچا تب بھی انہوں نے کال نہیں کاٹی اور گفتگو پولیس نے بھی سن لی۔سان فرانسسکو کی پولیس کے مطابق جب اہلکار وہاں پہنچے تو حملہ آور پال پلوسی کو ہتھوڑے سے زدوکوب کر رہا تھا جس کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کی وجوہات یا محرکات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے تاہم اس کا امکان ہے کہ وہ نینسی پلوسی کو نشانہ بنانے کے لیے گھر میں گھسا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور نے گھسنے کے بعد بلند آواز میں پوچھا کہ نینسی کہاں ہیں اور جب بتایا گیا کہ وہ گھر پر موجود نہیں تو اس کا کہنا تھا کہ وہ ان کی واپسی تک وہیں انتظار کرے گا۔مبصرین کا کہنا ہے کہ واقعے کا سیاسی تشدد کے ساتھ تعلق ہو سکتا ہے تاہم تحقیقات کے بعد ہی درست صورت حال سامنے آئے گی۔ دوسری جانب صدر جو بائیڈن نے حملے کو بزدلانہ حرکت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آور وہی نعرے لگا رہا تھا جو کیپیٹل ہل پر حملے کے وقت سنے گئے تھے۔

مزیدخبریں