شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف نظریاتی کے چیئر مین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ اسد قیصر کی قیادت میں پی ٹی آئی کے وفد کی مولانا فضل الرحمن کی خوشدامن کی وفات پر تعزیت اور مفاہمتی ملاقات (حلوائی کی دکان پر نانا جی کی فاتحہ ) کے مترادف ہے۔ سیاسی اخلاقیات کا جنازہ نکالنے کے بعد مفاہمت کی سیاست پر دیر سے کان دھرنے والے عمران خان گروپ نے انصاف اور شفافیت کو دفن کرکے رکھ دیا ہے۔ ماضی قریب میں پرویز الٰہی کو پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو کہنے کے بعد پارٹی صدر بنانے اور کرپشن میں لتھرے ہوﺅں کو ساتھ ملا کر کرپشن کرنے اور اب 26سال تک چور چور قرار دینے والوں کے ساتھ میل ملاپ ٹرپل پی سے آنکھ مچولی اس بات کا عکاس ہے کہ کرپشن کے حمام میں سب ننگے ہیں۔ عمران نے قوم کی امیدوں کا قتل کیا ہے اور نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ کیا ہے جسے کبھی معاف نہیں کیا جا سکتا۔ پی ٹی آئی این ہی ملک و قوم کی بہتری اور خوشحالی کا پروگرام رکھتی ہے جو کہ سزا جزا کے عمل سے ہی ممکن ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا وفود میں اسامہ خان ،حیدر اقبال ،ظفر علی شاہ ،میاں خالد اور دیگر بھی شامل تھے ۔
پی ٹی آئی وفد کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات،انصاف،شفافیت کو دفن کردیا:اختر ڈار
Oct 29, 2023