قومی کرکٹ ٹیم کولکتہ پہنچ گئی، دل ٹوٹا مگر کڑوا گھونٹ پی لیا: سعود شکیل

لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ءکے ساتویں میچ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم چنئی سے کولکتہ پہنچ گئی ۔ پاکستانی ٹیم نے گزشتہ روز آرام کیا ۔کھلاڑی آج پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے۔پاکستانی ٹیم اگلا میچ 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش کےخلاف کھیلے گی، قومی ٹیم کو ایونٹ میں اب تک کھیلے گئے اپنے 6 میچز میں سے 4 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ قومی ٹیم کو سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے میچ جیتنا بہت ضروری ہے ۔ شاداب خان کا چنئی میں سی ٹی سکین کرلیا گیا۔قومی ٹیم کے ترجمان کے مطابق شاداب خان کو پاکستان اور جنوبی افریقہ کے میچ کے دوران سکین کےلئے مقامی ہسپتال لے جایا گیا۔ سکین کی ابتدائی رپورٹ کلیئر ہے، قومی آل راونڈر بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ اگلے میچ کیلئے دستیابی کا فیصلہ میڈیکل ٹیم کرےگی۔ مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ سے شکست پر ڈریسنگ روم میں کافی مایوسی ہے، دل ٹوٹا مگر کڑوا گھونٹ پی لیا۔میچ جیت جاتے تو 2 قیمتی پوائنٹس مل جاتے، کوشش کرکے اس شکست کو بھلا کر اگلے میچز پر فوکس کریں۔ پچھلے میچز میں بریک تھرو نہیں مل رہے تھے، ملے تو پھڑک بھی نظر آئی، غلطی ہوئی کہ پوری گیندیں نہ کھیل سکے۔ چنئی کے کراﺅڈ نے کسی ایک ٹیم کو نہیں، اچھی کرکٹ کو سپورٹ کیا، پچ میں اتنا کچھ تھا نہیں مگر باﺅلرز نے زبردست کم بیک کیا۔ ہم اگر مگر والی کنڈیشن میں اچھا کھیل جاتے ہیں، ایسی صورتحال میں ٹورنامنٹ کا مزہ رہتا ہے۔امپائرز کال والے فیصلے کبھی حق میں ہوتے ہیں کبھی خلاف ہوتے، کوشش ہوتی ہے کہ جتنا لمبا کھیل سکیں کھیلیں۔ شاداب کے ساتھ اننگز بنانے کی کوشش کی، پہلے بیٹنگ کرتے ہیں تو اوپنرز ٹائم لیتے ہیں۔ پے در پے وکٹ کھو دیتے ہیں، جس کی وجہ سے سٹرائیک ریٹ متاثر ہوتا ہے، میں یا محمد نواز آخر تک کھیلتے تو پوری گیندیں کھیل کر 20، 25 رنز کا فرق ڈال سکتے تھے۔

ای پیپر دی نیشن