جتنی جلدی ہو سکے الیکشن کرائے جائیں‘ آئین کا احترام چاہتے ہیں: جاوید لطیف

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ہاتھ پاﺅں باندھے بغیر جس مرضی پہلوان کو اکھاڑے میں اتار لو‘ سب کو آ ٹے دال کا بھاﺅ پتہ چل جائے گا۔ ایسا بیانیہ اور ماحول بنایا جا رہا ہے جیسے ہمیں انصاف نہیں‘ فیور دی جا رہی ہے۔ جاوید ہاشمی نے پہلے ہی بتا دیا تھا نواز شریف کو عدلیہ کے ذریعے نکالا جائے گا۔ عوام نے 21 اکتوبر کو ثابت کر دیا ملک کا مستقبل نواز شریف سے وابستہ ہے۔ پاکستان بگاڑنے والے اور ٹھیک کرنے آنے والوں کو ایک لاٹھی سے نہیں ہانکا جا سکتا۔ ہم اپنا نہیں‘ لیکن قانون اور آئین کا احترام چاہتے ہیں۔ باوقار ریاست کے طور پر نواز شریف ہی دنیا میں پاکستان کو آگے لیکر جا سکتے ہیں۔ اداروں سے گزارش ہے کہ خدا کیلئے پاکستان پر رحم کریں۔ ووٹ کو عزت دیں۔ جتنا جلدی ہو‘ الیکشن کرائے جائیں۔ قبولیت پر سودے بازی نہ کی جائے۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ جب ہمیں انصاف ملتا ہے تو ہمیں لاڈلا کہا جاتا ہے؟ نواز شریف کا پانامہ میں ذکر تھا نہ ان کی کوئی آف شور کمپنی نکلی۔ اربوں روپے خرچ کر کے سوشل میڈیا ٹیموں کے ذریعے ہمیں چور اور ڈاکو کے لقب دلوائے گئے۔ سوشل میڈیا پر بالخصوص نوجوانوں کی ذہن سازی کی گئی کہ ایک فرد کے سوا سب چور اور ڈاکو ہیں۔ ہم نے اپنے اوپر مظالم کو بھلا دیا اور ہم وینٹی لیٹر پر پڑی معیشت کو دیکھ رہے ہیں۔ ماضی میں (ن) لیگ کی قیادت کو جھوٹے کیسز میں پابند سلاسل کیا گیا۔ نواز شریف کو نااہل کر کے پاکستان کی معیشت کو ڈبو دیا گیا۔ آج کیوں کہا جا رہا ہے کہ نواز شریف کو انصاف فاسٹ ٹریک پر مل رہا ہے۔ ہم پاکستان کو ترقی پر لاتے ہیں‘ ہمیں نکال دیا جاتا ہے۔ ہم کسی سے انتقام نہیں لینا چاہتے۔ ہم آئین کا تحفظ چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی چیئرمین جسے چور ڈاکوکہتے تھے‘ وہ بھی کہہ رہے انصاف نہیں ہو رہا۔ انصاف ہر وقت فاسٹ ٹریک پر ہونا چاہئے۔ ہم وینٹی لیٹر پر پڑی معیشت کو دیکھ رہے ہیں۔ آج پاکستان کے اندر دو طرح کے طبقوں کو سہولت دی جا رہی ہے۔ ایک عالمی قوت کے آلہ کار ہیں جن کے کالے کرتوتوں پر پردہ ڈالا ہوا ہے۔ باوقار ریاست کے طور پر نوازشریف ہی دنیا میں پاکستان کو آگے لیکر جا سکتے ہیں۔ جتنا جلدی ہو‘ جن کا میڈیٹ ہے‘ انہیں آنے دیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن