گھانا کی برآمدات میں اضافہ برقرار رکھنے کی ضرورت ہے، امین اللہ بیگ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)امین اللہ بیگ نائب صدر ایف پی سی سی آئی و چیئرمین کیپٹل آفس سے گھانا کے قونصل جنرل ڈاکٹر شاہد رشید بٹ اور وائس قونصل اور معروف بزنس مین عمر شاہد بٹ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ، اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر اور کیپٹل آفس کے چیئرمین امین اللہ بیگ نے کہا کہ گھانا ایک اہم افریقی ملک ہے جو پاکستان کو 4 ٹریلین ڈالر کی افریقی مارکیٹ میں جگہ تلاش کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔ پاکستان اور گھانا مستحکم تجارتی شراکت دار ہیں اور گزشتہ برسوں میں گھانا کی مارکیٹ خاص طور پر پاکستانی برآمدات کے لیے ایک اچھی منزل ثابت ہوئی ہے۔ ہمیں گھانا کی برآمدات میں مسلسل اضافے کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ اسے کم از کم 500 ملین ڈالر تک لے جا سکیں۔ گھانا کی مارکیٹ میں مطلوبہ حصہ حاصل کرکے ہم آسانی سے گھانا کو پاکستانی برآمدات کی سطح 500 ملین تک لے جا سکتے ہیں۔ امین اللہ بیگ نے مزید کہا کہ پاکستان نے آئی ٹی اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں بہت ترقی کی ہے اور ان شعبوں میں گھانا کے ساتھ تعاون کر سکتا ہے۔ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر نے دونوں ممالک کے قومی چیمبرز کے درمیان قریبی تعلقات قائم کرنے پر بھی زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کی تاجر برادری اپنا کردار ادا کریں۔ پاکستان میں گھانا کے اعزازی قونصل جنرل ڈاکٹر شاہد رشید بٹ نے کہا کہ گھانا اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں تیزی آ رہی ہے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھایا جا رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن