اسلام آباد (خبرنگار+نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) صدرمملکت آصف علی زرداری سے روسی فیڈرل کونسل کی سپیکر کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ تجارت سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک روس تعلقات مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک میں اقتصادی تعاون بڑھانے کے بے پناہ امکانات ہیں۔ صدر مملکت نے پاکستان میں روس کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے عوامی روابط اور سکالرشپ پروگرام کے ذریعے ثقافتی روابط مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر نے برکس کا رون بننے کے لئے روس کی جانب سے پاکستان کی حمایت کی بھی درخواست کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ برکس کا رکن بننے سے پاکستان کو علاقائی اور عالمی تعاون میں اپنا کردار بڑھانے میں مدد ملے گی۔ فریقین نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیو نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور کے ذریعے علاقائی روابط بڑھانے پر زور دیا۔ ویلنٹینا مٹیوینکو نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ تعلقات کو ترجیح دیتا ہے۔ روس کی فیڈرل کونسل کی سپیکر نے دو طرفہ تجارت میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سپیکرروسی فیڈریشن کونسل کی ملاقات ، روس رکنیت کیلئے حمایت کرے : صدر زرداری
Oct 29, 2024