لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ آسٹریلیا کیلئے جیسن گلیسپی کو قومی ٹیم کا ہیڈکوچ مقرر کر دیا ہے۔پی سی بی اعلامیے کے مطابق وہ وائٹ بال ٹیم کے مستعفی ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کی جگہ اضافی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ گیری کرسٹن کا استعفیٰ منظور کر لیا گیا۔ ہے۔ ریڈ بال ٹیم کے ہیڈکوچ جیسن گلیسپی کو آسٹریلیا میں ٹیم کیساتھ جانے کے حوالے سے آگاہ کر دیا گیا۔ گیری کرسٹن کے مستعفی ہونے کے بعد جیسن گلیسپی بطور ہیڈ کوچ اولین چوائس تھے۔ جیسن گیلسپی آسٹریلوی کنڈیشنز کا بخوبی تجربہ رکھتے ہیں، جس کی بنا پر ان کو سلیکٹر عاقب جاوید پر ترجیح دی گئی۔ عاقب جاوید فوری طور پر ذمہ داری سنبھالنے میں زیادہ دلچسپی بھی نہیں رکھتے تھے۔ گیری کرسٹن نے ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی 2024 سے 10 روز قبل قومی ٹیم کو امریکہ میں جوائن کیا تھا لیکن گیری کرسٹن اختیارات محدود کیے جانے پر ناخوش تھے۔ سلیکٹرز کو 15 رکنی ٹیم اور پلیئنگ الیون کا اختیار سونپنے اور اس کا کھل کر اظہار انہوں نے بورڈ کے اعلیٰ حکام سے بھی کیا تھا۔واضح رہے کہ نئی سلیکشن کمیٹی کے بعد کپتان اور کوچ کے اختیارت محدود کر دیے گئے تھے۔ معاہدے کے مطابق گیری کرسٹن نے پاکستان میں قیام پر انکار بھی کیا۔ ہیڈ کوچ سال میں ایک مہینہ چھٹیاں کر سکتے تھے لیکن گیری کرسٹن چیمپیئنز کپ کے بعد پاکستان نہیں آئے۔گیری کرسٹن کے ساتھ پی سی بی نے مئی میں دو سال کا معاہدہ کیا تھا تاہم چھ ماہ بعد ہی اختلافات کی وجہ سے اب انہوں نے پی سی بی کے ساتھ اپنی راہیں جدا کرلی ہیں۔