حافظ آباد؍ لاہور (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) سچے لوگوں نے اپنے سچے وعدوں کو نبھاتے ہوئے پنجاب کے کسانوں کے 400ارب روپے کے پراجیکٹ پر عملدرآمد شروع کردیا۔ صرف چھ ماہ کی ریکارڈ مدت میں کسانوں کے دس پراجیکٹ فنکشنل کر دیئے گئے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 150ارب روپے کا وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ مہیا کردیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے صرف چھ ماہ کی ریکارڈ مدت میں پنجاب میں کسان کارڈ لانچ کر دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کسان کارڈ کی تعداد پانچ لاکھ سے بڑھا کر ساڑھے سات لاکھ کرنے کا اعلان کردیا۔ ساڑھے بارہ ایکڑ سے 25 ایکڑ تک گندم کاشت کرنے والے کسانوں کو مفت لیزر لیولر دینے کا اعلان بھی کیا۔ 25 ایکڑ سے زائد کاشتکاروں کو مفت ٹریکٹر دینے کا اعلان کردیا۔ کاشتکاروں کے لئے بغیر نفع کرائے پر زرعی مشینری فراہم کرنے کے پراجیکٹ، کسان کارڈ کے ڈیلرز کی تعداد 3000 تک بڑھانے کا اعلان بھی کردیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے حافظ آباد میں تقریب میں کاشتکاروں کو خود کسان کارڈ دیئے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کارڈ حاصل کرنے والے حافظ آباد کے کاشتکار شاہ نواز نیکوکار، ثنائاللہ، فرحت رزاق، عبدالغفور، طارق محمود گجر کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کسان کارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں زراعت اور گندم کی کاشت کا رحجان بڑھ رہا ہے۔ بجلی کے زیادہ بل کاشتکار کے منافع میں کمی لاتے ہیں۔ ہر شہر میں سبزیاں کاشت کرنے کا ٹاسک دے دیا۔ لوگوں نے کاشتکاروں کے لئے صرف نعرے لگائے۔ کام صرف مسلم لیگ (ن) نے کیا۔ سٹاک ایکسچینج اب 91000تک پہنچ چکی ہے، کیونکہ نواز شریف کی حکومت ہے۔ چاہتی ہوں روٹی اور آٹا بھی سستا رہے اور کسان کو بھی پرافٹ ملے۔ کاشتکار بھائی اعتماد رکھیں، بھروسہ نہیں ٹوٹنے دوں گی۔ پنجاب کو بدلتا دیکھ رہی ہوں۔ فتنہ فساد، گھیرائو جلائو، لاقانونیت اور مہنگائی اب دم توڑ رہی ہے۔ جب بھی ترقی ہو، خوشحالی آئے۔ نواز شریف کی حکومت ہوتی ہے۔ جادو کی چھڑی نہیں اللہ کا خوف اور عوام کی خدمت کا جذبہ ہے۔ نواز شریف کی حکومت آئی تو مہنگا ئی نیچے جارہی ہے۔ 7ہزار ڈیزل اور بجلی کے ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کررہے ہیں۔روٹی، آٹا کی قیمت بڑھے تو فوراً انتظامیہ سے پوچھتی ہوں۔ کاشتکار گندم اگائیں، پرافٹ میری ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے حافظ آ باد میں ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرزنے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کرائم نیچے لانے اور کرپٹ ایس ایچ اوز کے لئے زیرو ٹالرنس اپنانے کی ہدایت اور ڈرگ ڈیلرز کے خلاف کریک ڈاؤن مسلسل جاری رکھنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سکولوں کے باہر زیبرا کراسنگ یقینی بنانے اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور گڑھے پر کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائیٹز میں بھی مین ہول کے ڈھکن چیک کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے حافظ آباد میں گرین بلٹس بنانے اورضلع بھر میں ڈرینج کی صفائی کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر کو ہسپتالوں کے مسلسل وزٹ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ سبزیوں اور دیگر ضروری اشیاء کی مصنوعی مہنگائی بالکل برداشت نہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے گرلز سکول کی سکیورٹی مانیٹر نگ کا حکم دیا اور کرپٹ اور عوام سے ناروا رویہ اپنانے والے تحصیلداروں اور پٹواریوں کو ہٹانے کی ہدایت کی۔ کاشتکاروں کو ہر قیمت پر معیاری بیج، کھاد اور پیسٹی سائیڈز کی فراہمی کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے حافظ آباد کے دیہات کو ماڈل بنانے کا ٹاسک دے دیا۔ زیر تکمیل پراجیکٹس کیلئے فنڈز کی فراہمی کا حکم دیا۔ حافظ آباد میں ضروری انسانی وسائل کی کمی پوری کرنے اور حافظ آباد میں فلائی اوور کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ''کے پی آئی '' کے مطابق پہلے پانچ افسروں کو انعام اور سرٹیفکیٹس دیا جائیں گے۔ بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم میں کمی آنی چاہیے۔ خوشی ہے کہ کے پی آئی مقرر کرنے سے کار کردگی میں بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر جیلوں کے دورے کرکے خود صورتحال کا جائزہ لیں۔ ڈینگی اور پولیو کے خلاف مہم کو کسی صورت بھی کم نہیں ہونا چاہیے۔ شوگر کے مریضوں کے لئے انسولین ناگزیر ہے، کمی نہ آنے دی جائے۔ وزیراعلیٰ نے حافظ آباد کے ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کو شاباش دی۔ پاکستان اور پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار 1050ارب روپے کی لاگت سے 10لاکھ کاشتکاروں میں وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ تقسیم کیے جارہے ہیں۔ پنجاب میں بلا سود آسان آقساط پر 10ہزار گرین ٹریکٹر دیے جارہے ہیں۔ جن پر حکومت کی جانب سے فی ٹریکٹر 10لاکھ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ حکومت خود کاشتکار تک پہنچی ہے۔ ماضی میں حکومت کسان نہیں در اصل آڑھتی سے گند م خرید رہی تھی۔ کاشتکاروں کے لیے ہر تحصیل میں بغیر منافع کرائے پر زرعی مشینری فراہم کرنے کا پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔صوبہ بھر میں شعبہ زراعت کی ترقی اور کسانوں کی سہولیات کے لیے ون ونڈو آپریش اور زرعی مال بنائے جائیںگے۔ گزشتہ 8ماہ میں ہر روز نئی خوشخبری آر ہی ہے۔ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے صوبہ بھر میں زرعی خوشحالی کے انقلاب کے لیے زراعت کے بجٹ میں دو سو پچاس فیصد ریکارڈ اضافہ کیا ہے۔ مہنگے اور جعلی کھاد و بیج فروخت کرنے والوں کے خلاف شکایات کے لیے باقاعدہ ہیلپ لائن قائم کر دی گئی ہے۔ پنجاب بھر میں 25کروڑ کی جعلی بیج اور کھاد پکڑی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ کی تقریب میں شرکت کے موقع پر پنجاب کا روایتی و علاقائی رقص بھی پیش کیا گیا۔ جس پر وزیر اعلیٰ نے خوشی کا اظہار کر تے ہوئے لڈی پیش کرنے والی ٹیم کو نقد انعام بھی دیا۔ سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ جب بھی ملک میں ترقی ہوئی تو ہر اینٹ پر مسلم لیگ (ن) کا نام ہوتا ہے۔ پنجاب اور پاکستان میں ترقی کا یہ سفر اب رکنے والا نہیں ہے۔ تحریک انتشار کے دور میں سٹاک مارکیٹ ہر دن ڈوب رہی تھی، سٹاک مارکیٹ آج کیوں اوپر چلی گئی کیونکہ نوازشریف کی حکومت ہے، مہنگائی کیوں نیچے آرہی ہے کیونکہ نوازشریف کی حکومت ہے، آج دوسرے ممالک کا اعتماد پاکستان پر بحال ہورہا ہے، خالی سیاسی نعرہ لگا کر گھر جا کر کمبل لے کر سو جاؤ تو اس سے کسان کا پیٹ نہیں بھرتا، کسان کا پیٹ کام کرنے سے بھرتا ہے۔ گزشتہ 5 سال میں نالائقوں، دہشتگردوں کی حکومت میں پاکستان کا نقصان ہوا، آج ہر آنے والا دن خوشخبری لارہا ہے، سیاست، گالم گلوچ سے لوگوں کے پیٹ نہیں بھرتے، عملی کام کرنے سے لوگوں کے پیٹ بھرتے ہیں، میں پنجاب کو بدلتا ہوا دیکھ رہی ہوں، جب کسی ہسپتال یا عوام میں جاتی ہوں تو لوگوں کے چہروں پر خوشی آجاتی ہے۔ گندم نہ خریدنے پر اپنوں اور غیروں کی طرف سے بہت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیو فری پنجاب، حکومت کا عزم۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں اینٹی پولیو ویکسی نیشن مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (SIMS) میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بچوں کو خود اینٹی پولیو ویکسی نیشن کے قطرے پلائے۔ وزیر اعلیٰ نے والدین کو اینٹی پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کی اپیل کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے زیرو پولیو کا ٹارگٹ مقرر کردیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ننھی بچی نائرہ کو گود میں اٹھا کر پیار کیا، ویکسین کے قطرے پلائے اور کینڈیز بھی دیں۔ وزیر اعلیٰ نے دیگر بچوں کو اینٹی پولیو ویکسین پلانے کے بعد کینڈیز کے گفٹس دیئے اوران کو خود نشان بھی لگایا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پولیو ورکرز سے ملاقات کی، گروپ فوٹو بنوائی اور پولیو ورکرز کو محنت کی تلقین کی۔ وزیر اعلیٰ نے پولیو ورکرز کی خدمات کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں بچوں کو پولیو ویکسین ضرور پلائیں اور عمر بھر کی معذوری سے بچائیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سنرجی ایویلیویشن سسٹم ایپلیکیشن کے ذریعے ویکسین سے محروم رہ جانے والے بچوں کا سراغ لگایا جارہا ہے۔ پولیو مہم 28 اکتوبر سے 3 نومبر تک جاری رہے گی ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سکردو سے راولپنڈی جانے والی بس کھائی میں گرنے سے چار قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
5برس میں بالایقوں دہشتگردوں کی حکومت میں پاکستان کا نقصان ہوا : مریم نواز
Oct 29, 2024