سیاست دشنام تراشی نہیں خدمت کا نام ہے یہ بات مریم نواز نے بطور وزیراعلی پنجاب چند ماہ کی حکومت میں درست ثابت کر دی ہے۔ مریم نواز اپنے طرز حکومت سے ثابت کر رہی ہیں کہ وہ پاکستان کے تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم کی بیٹی ہیں۔انہوں نے بطور وزیراعلی پنجاب اب تک جتنے بھی فلاحی منصوبے متعارف کروائے ہیں وہ تمام براہ راست عام آدمی سے جڑے ہوئے ہیں۔مریم نواز کا طرز حکمرانی ایک خدمت گزار حکمران جیسا ہے وہ کسانوں سے لے کر معذوروں تک کے لیے فلاحی منصوبے شروع کر چکی ہیں۔ ایک اچھے حکمران کی یہی سب سے بڑی نشانی ہوتی ہے کہ وہ تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلتا ہے کسی مخصوص طبقے کو نوازنے میں حکومتی وسائل صرف نہیں کرتا۔ مریم نواز کا بطور وزیر اعلی کوئی ایک بڑا کارنامہ نہیں بلکہ ایک لمبی چوڑی فہرست ہے جو وہ عام آدمی کے لیے کام کر چکی ہیں۔ ان میں سب سے بڑا مریم نواز کا منصوبہ’’ اپنی چھت اپنا گھر‘‘ ہے۔ پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں کوئی بھی حکمران عوام کے لیے اپنی چھت فراہم کرنے کا منصوبہ شروع نہیں کر سکا لیکن مریم نواز نے بطور وزیراعلی چند ماہ میں اس پر باقاعدہ کام بھی شروع کر دیا ہے اور اس منصوبے کے تحت لوگوں کو 15 لاکھ روپے تک کے قرضہ جات بھی ملنے شروع ہو گئے ہیں۔ اس حوالے سے وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے گزشتہ دنوں کوٹ لکھپت کے علاقے میں صوبیہ منیر نامی خاتون کے نئے گھر کا بھی دورہ کیا اور مریم نواز نے صوبیہ منیر کو قرض کی دوسری قسط خود جا کے ان کے گھر خوددی۔ مریم نواز نے خاتون کے نئے گھر کے لیے فرنیچر کا تحفہ بھی اپنی طرف سے دیا اور دونوں بیٹیوں کی تعلیم کے اخراجات اٹھانے کا بھی اعلان کیا۔مریم نواز خاتون ہیں اور ایک خاتون ہی دوسری خاتون کے مسائل کو سمجھ سکتی ہیں۔ اس منصوبے کے تحت مریم نواز کا پلان ہے کہ پانچ لاکھ تک بے گھر افراد کو اپنی چھت فراہم کی جائے۔اپنی سرکاری مصروفیات میں وہ گھنٹوں اپنے وزراء اور سرکاری افسران سے تفصیلی بریفنگ لیتی ہیں اور ان کو بروقت زیر تکمیل منصوبوں کو مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کرتی ہیں۔
اس کے علاوہ مریم نواز ایک اور جو بڑا تاریخی کام کرنے جا رہی ہیں وہ لاہور میں پہلے سرکاری کینسر ہسپتال کی تکمیل کا منصوبہ ہے۔ اس منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ مریم نواز کی کوشش ہے کہ نواز شریف کینسر ہسپتال کو 2025 میں مکمل کیا جائے۔جہاں
مریضوں کا مفت علاج ہو۔ گزشتہ روز مریم نواز نے اس منصوبے کا ڈیزائن عوام کو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ نجی کینسر کے اور بھی ہسپتال ہیں جو نام کے تو ٹرسٹ ہیں لیکن 100 فیصد مفت علاج نہیں ہوتا۔نواز شریف کینسر ہسپتال پاکستان کا واحد ہسپتال ہوگا جہاں تمام مریضوں کا مفت علاج ہوگا۔
وزیراعلی منتخب ہو نے کے بعد سے مریم نواز کا زیادہ وقت پنجاب کے عوام کی خدمت کے لیے ہی گزرتا ہے۔مریم نواز کے مخالفین اور ناقدین بھی ان کے فلاحی منصوبوں کی گاہے بگاہے تعریف کرتے نظر آتے ہیں ایک مشہور جملہ ہے کہ تعریف وہ جو آپ کا مخالف بھی کرے۔اس حوالے سے مریم نواز کافی خوش قسمت ہیںکہ انہوں نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب جتنے بھی فلاحی منصوبے شروع کیے ہیں ان پر ایک مخصوص طبقہ تو تنقید کرتا ہے لیکن لوگ اکثر ان کے منصوبوں کی تعریف ہی کرتے نظر آتے ہیں۔ اختلاف رائے اور تنقید برائے اصلاح ہی جمہوریت کا حسن ہے لیکن ہر بات میںمحض کیڑے نکالنا اور الزامات لگانا پروپیگنڈہ مہم ہی کہلاتی ہے ۔ مریم نواز اپنے والد کی سیاسی میراث کو آگے بڑھانے کیلئے ہر قدم اٹھا رہی ہیںاور سیاست کو لوگوں کی خدمت سمجھ کر رہی ہیں۔
تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے والی وزیراعلی
Oct 29, 2024