لاہور ( این این آئی) انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں عظمیٰ خان ، علیمہ خان ، فواد چودھری اور اعظم سواتی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے عظمی خان اور علیمہ خان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔اس موقع پر وکیل کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست کی گئی۔عدالت نے حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے عظمی خان اور علیمہ خان کی عبوری ضمانتوں میں 8 نومبر تک توسیع کر دی۔واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کیخلاف مسلم لیگ (ن) کا آفس جلانے سمیت دیگر جلائو گھیرائو کے مقدمات درج ہیں۔جبکہ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے 9مئی کے مختلف مقدمات میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری اور اعظم خان سواتی کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کی۔عدالت نے فواد چودھری کی عبوری ضمانت میں 8نومبر اور اعظم خان سواتی کی عبوری ضمانت میں 26نومبر تک توسیع کا حکم دے دیا جبکہ رائے حسن نواز، شکیل نیازی، رائے مرتضی اقبال سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں 13نومبر تک توسیع کر دی۔عدالت نے اعظم سواتی، رائے حسن نواز، مسرت چیمہ کو 2نومبر کو دو بجے شامل تفتیش ہونے کا بھی حکم دے دیا۔