راولپنڈی(آئی این پی ) بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ یہ لوگ جیل میں عمران خان کو ختم کرنا چاہتے ہیں، ہم چپ نہیں بیٹھیں گے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے مل کر صبر آگیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا ہے؟۔ 3 اکتوبر سے بانی پی ٹی آئی کو جس حال میں رکھا گیا وہ ناقابل بیان ہے۔ سیل کی بجلی کاٹی گئی، اخبار ٹی وی سب بند کردیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جو کھانا دیا جارہا تھا اس سے ان کو الٹیاں ہوئی ہیں۔ 3ہفتے بعد انہیں ورزش کے لیے سائیکل دی گئی ہے۔ سزائے موت کے قیدیوں کے ساتھ بھی یہ نہیں ہوتا جو بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کیا گیا ہے۔علیمہ خان نے کہا کہ یہ لوگ جیل میں بانی پی ٹی آئی کو ختم کرنا چاہتے ہیں ہم چپ نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے ہم پر پارلیمنٹ کو بم سے اڑانے کا الزام لگایا۔ ہم پر بارود رکھنے کا مقدمہ درج کیا گیا۔ انہوں نے ہمیں خالی ہاتھوں گرفتار کیا۔ ہمیں بالکل باہر کے حالات سے بے خبر رکھا گیا۔ 24 دن بانی پی ٹی آئی کو بھی باہر کے حالات سے لاعلم رکھا گیا۔ بانی پی ٹی آئی کی بہن نے کہا کہ ہمیں پیغام آرہے ہیں کہ ہمارے خلاف نو دس مقدمات اور درج کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد پولیس جہلم جیل کے باہر ہمیں دوبارہ گرفتار کرنے آئی تھی۔ کیا پتا ہمیں دوبارہ گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے کہ ظلم برداشت نہیں کریں گے۔