سرینگر (نیٹ نیوز)جموں و کشمیر کے علاقے اکھنور میں دیوالی کے موقع پر سیکیورٹی کو ممکن بنانے کے لیے گشت پر مامور فوج کی گاڑی پر حملہ کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق جموں کے اکھنور سیکٹر میں علی الصبح نامعلوم 3 مسلح افراد نے فوج کی ایک گاڑی کا گھیرائو کرکے اندھا دھند فائرنگ کردی۔بھارتی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس واقعے میں کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا تاہم عینی شاہدین نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ایمبولینسوں کو لاشیں لے جاتے دیکھا گیا ہے۔ بھارتی فوج کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا جس کے دوران ایک مشتبہ حملہ آور مقابلے میں مارا گیا۔