لاہور (نیوز رپورٹر) 55 ویں پی ایم اے لانگ کورس کے لاہور چیپٹر کے ریٹائرڈ آفیسرز اور ان کی فیملیز کا سالانہ اجتماع گزشتہ روز مقامی کلب میں منعقد ہوا جس میں کثیر تعداد میں ریٹائرڈ آفیسرز شریک ہوئے۔ شرکاء نے پی ایم اے میں اپنی تربیت اور عسکری زندگی کی انتہائی خوشگوار یادیں تازہ کیں۔ اس موقع پر لاہور چیپٹر کے صدر بریگیڈیئر (ر) ظاہر خان نے گزشتہ ایک سال کی کارکردگی اور اس دوران ہونے والے اہم واقعات پر روشنی ڈالی۔ بریگیڈیئر (ر) ظاہر خان نے موجودہ مینجمنٹ کمیٹی کی جگہ نئی کمیٹی کے انتخاب کی درخواست بھی کی۔ انہوں نے سرگودھا سے سابق ایم پی اے اور صوبائی وزیر میجر (ر) اصغر کلیار اور راجن پور سے میجر (ر) محمد اظہر بٹ، کراچی سے میجر (ر) محمد ہاشم صدیقی اور دور دراز سے آنے والے لیفٹیننٹ کرنل (ر) سعید مرزا اور دیگر ریٹائرڈ آفیسرز کا شکریہ ادا کیا جو اپنی گوناگوں مصروفیات کے باوجود اس پُروقار اور یادگار تقریب میں شرکت کے لئے تشریف لائے۔ انہوں نے شہید آفیسرز کی فیملیز کی آمد پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر کرنل (ر) سلیم سرور نے شہداء اور مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور دعا کی۔ تقریب میں شریک ہونے والوں میں سابق چیف سیکرٹری خیبر پی کے اور کیپٹن (ر) خالد پرویز، میجر جنرل (ر) اظہر علی شاہ، میجر جنرل (ر) راشد جاوید، میجر جنرل (ر) فاروق اقبال، میجر جنرل (ر) اشرف تبسم، سابق ایم پی اے اور صوبائی وزیر میجر (ر) اصغر کلیار، بریگیڈیئر ڈاکٹر (ر) شمیم عباس، بریگیڈیئر (ر) ظاہر خان، بریگیڈیئر (ر) نادر میر، بریگیڈیئر (ر) جمال ضیاء، بریگیڈیئر (ر) عبدالرحمن، بریگیڈیئر (ر) آغا علی رضا قزلباش، چیف آپریٹنگ آفیسر نوائے وقت گروپ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری اور جنرل سیکرٹری لاہور چیپٹر کرنل (ر) محمد اطہر شامل تھے۔ اس موقع پر تمام آفیسرز نے بریگیڈیئر (ر) ظاہر خان اور کرنل (ر) محمد اطہر کا شاندار الفاظ میں شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس اجتماع کے انعقاد کو یقینی بنایا۔ اجتماع میں شریک سرکردہ ریٹائرڈ آفیسرز نے چیف آپریٹنگ آفیسر نوائے وقت گروپ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیو پر لکھے جانے والے کام کو سراہا اور کہا کہ 55 ویں لانگ کورس کے لئے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ہمارا ایک آفیسر بین الاقوامی اہمیت کے اہم ترین پراجیکٹ پر لکھ کر پاکستان کا نام روشن کر رہا ہے اور چین پاکستان کے برادرانہ تعلقات میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری اسی طرح ملک و قوم کا نام روشن کرتے رہیں گے۔ انہوں نے اس سلسلے میں نوائے وقت کی کاوشوں کو بھی سراہا۔