پنجاب یونیورسٹی میں دو طلبہ تنظیموں کے درمیان تصادم

لاہور(نوائے وقت رپورٹ+لیڈی رپورٹر) پنجاب یونیورسٹی میں دو طلباء  تنظیموں کے درمیان تصادم ہوگیا، پتھراؤ اور ڈنڈے چلنے سے متعدد طلباء زخمی ہوگئے۔ ایس پی سیکورٹی عبدالوہاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی اقبال ٹاؤن سے رپورٹ طلب کرلی اور پولیس افسران کو صورت حال قابو میں لانے کا حکم دیا۔ انہوں نے طلباء کو پرامن رہنے اور قانون ہاتھ میں نہ لینے کی تلقین کی۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق پشتون کونسل اور جمعیت کے طلباء کا جھگڑا ہوا۔ پتھراؤ اور ہاتھا پائی میں متعدد طلباء کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ لڑائی جھگڑا ہیلے کالج میں ہوا۔ پختون کونسل کے سٹوڈنٹس کلچرل ڈانس کے لئے آئے تھے۔ جمیعت طلباء نے منع کیا اور ساؤنڈ سسٹم توڑ دیا جس پر جھگڑا ہوا۔دریں اثناء پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے سارا ملبہ چیف سکیورٹی آفیسر کرنل (ر) عبید مسعود پر ڈالتے ہوئے معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جبکہ کرنل (ر) عمر خالد کو چیف سکیورٹی آفیسر پنجاب یونیورسٹی کا ایڈیشنل چارج دے دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن