سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی صاحبزادی و انسانی حقوق کی متحرک کارکن ایمان مزاری ایڈووکیٹ اور ان کے شوہر کا 3 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی ایڈووکیٹ کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمہ کی سماعت ہوئی، ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو انسداد دِہشتگردی عدالت پیش کیا گیا جہاں انسداد دِہشتگردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے سماعت کی۔ بتایا گیا ہے کہ ایمان مزاری کی جانب سے زینب جنجوعہ ایڈووکیٹ اور احسن پیرزادہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے جب کہ پولیس کی جانب سے 30 دن کے ریمانڈ کی استدعا کردی گئی، اس مقصد کے لیے پراسیکیوٹر راجہ نوید نے مؤقف اپنایا کہ ’انٹرنیشنل ٹیموں کا پاکستان میں آنا اہم یے، انٹرنیشنل کرکٹ ٹیموں کو سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا، ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ نے روٹ کے دوران بیرئیرز ہٹائے اور عوام کو اشتعال دلایا‘۔