راولپنڈی(جنرل رپورٹر)ضلع راولپنڈی میں ڈینگی مریضوں میں کمی نہ آنے کے باعث ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب الیاس گوندل نے ہائی رسک یونین کونسلوں کو کلین سویپ کرکے آئی آر ایس سپرے اور فوکنگ کرنے اورڈینگی کے بارے میں آگاہی کیلئے خصوصی مہم چلانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کی زیر صدارت ہونے والے ڈینگی اجلاس کے دوران ایڈیشنل سیکریٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر یونس اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب الیاس گوندل نے کہاکہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے سر توڑ کوششیں جاری ہیں،ہائی رسک یونین کونسلز پر فوکس کیے ہوئے ہیں۔رواں برس کے دوران راولپنڈی میں ڈین ٹو وائرس پایا گیا ہے اور زیادہ تر مریض وہ ہیں جو پہلے بھی ڈینگی سے متاثر ہو چکے ہیں، ایڈیشنل سیکریٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر یونس نے کہاکہ ماہ اکتوبر میں ڈینگی کے مریضوں میں خاطر خواہ کمی نہیں آئی، ڈینگی کی افزائش کے لیے ماحول سازگار ثابت ہو رہا ہے،جب تک لوگ ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے مکمل آگاہ نہیں ہونگے اس وقت ڈینگی پر قابو پانا ناممکن ہے۔ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب الیاس گوندل نے ضلع راولپنڈی میں ہائی رسک یونین کونسلوں کو کلین سویپ کرکے آئی آر ایس سپرے اور فوکنگ کرنے اورڈینگی کے بارے میں آگاہی کیلئے خصوصی مہم چلانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔