وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا ہے پاکستان اور روس کے مابین تعلقات میں مزید مضبوطی اور استحکام خوش آئند ہے، روس اور پاکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کی وسیع استعداد موجود ہے، روسی اعلی قیادت کی جانب سے حالیہ دوروں کی بدولت دونوں ممالک کے عوام کی ترقی کے اہداف کو حاصل کیا جا سکتا ہے،وزیراعظم شہباز شریف سے روسی فیڈرل اسمبلی کی فیڈریشن کونسل کی سپیکر ویلنٹنینا میتویآنکو نے اسلام آباد میں وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے روسی وفد کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کیا۔پاکستان اور روس کے مابین پارلیمانی تعلقات کی مضبوطی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔اجلاس میں دونوں ممالک کے مابین تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بینکنگ چینلز کی مضبوطی اور پاکستان و روس کے مابین معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کے ایک جامع روڈ میپ کی تشکیل پر بھی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں وزیرِ اعظم نے روسی صدر عزت مآب ولادیمیر پیوٹن کیلئے نیک خواہشات کے ساتھ ساتھ انہیں جلد دورہ پاکستان کی دعوت کا پیغام دیا۔وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2024ءمیں پاک روس کمیشن کا اجلاس تعاون کو وسعت دینے میں اہم ثابت ہو گا۔وزیرِ اعظم نے ملاقات میں مزید کہا کہ دسمبر 2024 میں منعقد ہونے والا پاکستان و روس مشترکہ کمیشن کا اجلاس دونوں ممالک کے مابین تعاون کو وسعت دینے کا اہم موقع ثابت ہوگا۔ وزیرِ اعظم نے رواں ماہ کے آغاز میں وزیرِ مواصلات کی قیادت میں 70 رکنی پاکستانی کاروباری شخصیات کے وفد کے دورہ روس اور پاکستان-روس ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کو دونوں ممالک کے مابین تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خوش آئند قرار دیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روزروسی فیڈریشن کونسل میں فیڈرل اسمبلی کی چیئرپرسن ویلنٹینا ماٹوی یانکو دورے پر پاکستان پہنچ گئیں تھیں۔ نور خان ائیربیس پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے روسی فیڈرل اسمبلی کی چیئرمین کا استقبال کیا تھا۔بتایاگیا تھا کہ اپنے دورے کے دوران ویلنٹینا ماٹوی یانکو کی قیادت میں روسی وفد چیئرمین سینیٹ، صدر مملکت، وزیراعظم اور سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کرے گا۔چیئرپرسن ویلنٹینا ماٹوی یانکو آج سینیٹ کے خصوصی اجلاس سے بھی خطاب کریں گی۔
روس اور پاکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کی وسیع استعداد موجود ہے، وزیراعظم شہباز شریف
Oct 29, 2024 | 14:31