شام کے ایک جنگی نگران ادارے نے منگل کو کہا کہ لبنان کے ساتھ شام کی سرحد کے قریب اسرائیلی حملے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ ایک اہم زمینی گذرگاہ کے قریب ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں یہ دوسرا حملہ ہے۔سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے لبنان کے ساتھ سرحد کے برابر میں "القصیر کے دیہی علاقوں میں النزاریہ گاؤں کے قریب گاڑیوں پر حملہ کیا" اور مزید کہا کہ "گاڑیوں میں موجود دو افراد ہلاک ہو گئے۔"غیر سرکاری تنظیم نے کہا، یہ علاقہ لبنان اور شام کے درمیان سمگلنگ اور نقل و حمل کے راستے پر واقع ہے۔اسرائیلی فوج نے قریبی جوسیہ راہداری پر اسی طرح کے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ہتھیاروں کی منتقلی کے لیے حزب اللہ کے زیرِ استعمال تھی۔ اس کے ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں یہ دوسرا حملہ ہے۔لبنان اور اقوامِ متحدہ کے عہدیداروں نے خبردار کیا ہے کہ اس حملے نے اس اہم راستے کو خطرے میں ڈال دیا جو تنازعے سے پناہ کی تلاش میں لبنان سے بھاگ کر شام جانے والے لوگ فرار ہونے کے لیے استعمال کرتے تھے۔اسرائیل نے اس سے قبل مصنع راہداری کو مزید جنوب میں نشانہ بنایا تھا جس سے یہ ناقابلِ استعمال ہو گئی۔اسرائیل گذشتہ ماہ کے اواخر سے لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جنگ آزما ہے جو ایرانی حمایت یافتہ مسلح گروپ کی سرحد پار گولہ باری کے تقریباً ایک سال بعد اپنی شمالی سرحد کو محفوظ بنانے کا خواہاں ہے۔لبنان کے سرکاری اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ستمبر کے آخر میں لبنان میں حزب اللہ کے اہم مراکز پر اسرائیل نے شدید فضائی بمباری شروع کر دی جس کے بعد سے تقریباً 500,000 افراد شام فرار ہو چکے ہیں۔