توشہ خانہ کیس،پراسیکیوٹرکی ٹرائل روزانہ چلانے کی استدعا ،عمران خان کو وکیل مقرر کرنے کی آخری مہلت

 توشہ خانہ ٹو کیس میں پراسیکیونے ٹرائل روزانہ چلانے کی استدعا کر دی، عدالت نے عمران خان کو وکیل مقرر کرنے کیلئے آخری مہلت دیدی،بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مشاورت کیلئے وکلاءبیرسٹر علی ظفر، بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ اور سلمان صفدر کے نام پیش کردئیے، راولپنڈی اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کے روبرو ہوئی۔ دوران سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر مخالفت کی۔ پراسیکیوٹرکا کہنا ہے کہ عدالت نے آج کی تاریخ فرد جرم عائد کرنے کیلئے مقرر کی تھی۔ عدالت سے درخواست ہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس کا ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر چلایا جائے۔ایف آئی اے پراسیکوٹر عمیر مجید نے کہا کہ ضمانت ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ ملزم ٹرائل کیلئے عدالت پیش نہ ہو۔ حاضری سے استثنا کی درخواست پر بشری بی بی کے دستخط بھی موجود نہیں۔عدالت نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثناءکی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر حاضر ہونے کا نوٹس جاری کردیا۔دوران سماعت عمران خان نے توشہ خانہ ٹو کیس میں وکیل مقرر کرنے کیلئے عدالت سے وقت مانگ لیا اور کہا کہ گزشتہ تین ہفتے سے وکلا سے ملاقات اور مشاورت کا وقت نہیں دیا گیا۔ عمران خان کی جانب سے مشاورت کیلئے چار وکلا کے نام بھی عدالت کو دئیے گئے جن میں بیرسٹر علی ظفر، بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کے نام شامل ہیں۔عدالت نے عمران خان کو وکلا سے مشاورت کیلئے 31 اکتوبر کا وقت دے دیا اور کہا کہ وکلا مقرر کرنے کیلئے آخری موقع دیا جا رہا ہے، آئندہ سماعت پر اگر وکیل مقرر نہ کیے گئے تو عدالت سرکاری وکیل مقرر کردے گی۔بعدازاں عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت دو نومبر تک ملتوی کردی۔

ای پیپر دی نیشن