لاہور کی سپیشل سینٹرل عدالت کے جج تنویر احمد شیخ نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی کو آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش ہونے کا حکم دیدیا،عدالت نے چوہدری پرویز الٰہی اور ان کے صاحبزادے مونس الٰہی و دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا،عدالت نے پرویز الٰہی کو پانچ نومبر کو ہرصورت عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا جبکہ مونس الٰہی کے شریک ملزم ضیغم عباس کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ عدالتی حکم میں لکھا گیا کہ ایف آئی اے نے مونس الٰہی سمیت 9 اشتہاری ملزمان کی جائیدادیں قرقی کے دورانیہ میں اضافے کی استدعا کردی۔مقدمہ میں نامزد ملزم مونس الٰہی کی بیرون ملک سے گرفتاری کیلئے ریڈ نوٹس انٹرنیشنل پولیس کو بھجوا دیا گیا ایف آئی اے کے مطابق انٹرنیشنل پولیس کے پاس ریڈ نوٹس ریویو کیلئے موجود ہے۔عدالتی حکم میں مزید لکھا گیا کہ عدالت نے مزید قرقی میں اضافے پر ایف آئی اے سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی، عدالت نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا جبکہ زارا الٰہی کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اینٹی کرپشن پنجاب نے پی ٹی آئی کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا نام نو فلائی لسٹ میں شامل کرلیا تھااور ان کے بیرون ملک سفرکرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔بتایاگیاتھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اینٹی کرپشن پنجاب کو ایک مقدمے میں مطلوب تھے اور وہ اینٹی کرپشن پنجاب مقدمے میں تحقیقات کر رہی تھی۔ اینٹی کرپشن پنجاب نے سفارش کی تھی کہ تحقیقات مکمل ہونے تک پرویز الٰہی کا نام نو فلائی لسٹ میں شامل کیا جائے۔پی ٹی آئی کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب نوفلائی لسٹ میں نام شامل ہونے کے بعد اب بیرون ملک سفر نہیں کرسکیں گے۔قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی اور ان کے صاحبزادے راسخ الٰہی اور بہو زارا الٰہی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔
منی لانڈرنگ کیس، پرویزالٰہی کو آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش ہونے کا حکم
Oct 29, 2024 | 15:24