اسلام آباد میں دو دن میں بینک ڈکیتی کی تیسری واردات

Oct 29, 2024 | 15:56

 وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دو دن میں بینک ڈکیتی کی تیسری واردات ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں مسلسل دوسرے روز بھی بینک میں ڈکیتی کی واردات ہوئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن فور میں واقع بینک میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 سکیورٹی گارڈز سمیت 4 افراد زخمی ہوئے، ڈاکو موقع سے فرار ہوگئے جب کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔ بتایا جارہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں دو دنوں میں تین بینکوں میں ڈکیتی کی وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں، گزشتہ روز جی پندرہ میں بینک میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران بھی فائرنگ سے 4 افراد زخمی ہوئے تھے جب کہ تھانہ آئی نائن کی حدود میں بینک وین پر فائرنگ ہوئی تھی جس میں ایک گارڈ زخمی ہوا تھا، دونوں وارداتوں میں ڈرائیور اور 3 افراد کی ہبہادری کے باعث ڈکیتی تو ناکام ہوگئی لیکن مزاحمت کے دوران 4 افراد فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے۔ ادھر صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقہ رائے ونڈ میں کیش لے کر جانے والے 2 افراد ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق ہوگئے، مقتولین فوڈ کمپنی کا کیش لے کر جارہے تھے کہ اس دوران راستے میں دو موٹرسائیکل سوار ڈاکو پہنچ گئے۔ معلوم ہوا ہے کہ مانگا روڈ پر ہونے والی اس واردات کے دوران دونوں افراد نے ڈاکوؤں سے پیسے بچانے کے لیے مزاحمت کی، جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے انہیں قتل کر دیا، جاں بحق ہونے والوں میں منصور بھٹی نامی شخص اور ایک سیکورٹی گارڈ شامل ہے، ڈاکوؤں کو پکڑنے میں پولیس کی ناقص کارکردگی پر تاجروں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔

مزیدخبریں