پنجگور: ڈیم ورکرز پر حملہ، 5 افراد جاں بحق 

کوئٹہ: پنجگور کے علاقے پروم میں مسلح افراد نے ڈیم پر کام کرنے والے اہلکاروں پر حملے کرکے 5 افراد کو جاں بحق کردیا۔بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے پروم میں مسلح افراد نے ڈیم پر کام کرنے والے اہلکاروں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ لاشوں اور زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ حملے میں زخمی دو افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے. تاہم واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئیں ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پنجگور میں مسلح افراد کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا۔  صدر مملکت نے واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کے دشمن ہیں جب کہ دہشت گرد بلوچستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔صدر مملکت نے حملے میں زخمی افراد کی جلد صحتیابی کی بھی دعا کی، جاں بحق افراد کے لیے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پنجگور میں ڈیم پر کام کرنے والے اہلکاروں ہر حملے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔وزیرِ اعظم نے حملے میں زخمی ہونے والے دو افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حملے میں ملوث افراد کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی بھی ہدایت کیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈیم پر کام کرنے والے اہلکاروں پر حملہ کرنے والے پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں، ایسے شر پسند عناصر کی پاکستان میں کوئی جگہ نہیں۔ وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ شرپسند عناصر اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے حکومت کے بلوچستان کی ترقی کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے۔

ای پیپر دی نیشن