این ڈی ایم اے کی جانب سے غزہ اور لبنان کے لیے امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پرنیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے فلسطین، غزہ اور لبنان کی جنگ زدہ عوام کے لیے فلاحی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔این ڈی ایم اے کی جانب سے روانہ کی گئی اس امدادی کھیپ میں سردیوں سے بچاؤ کیلئے فیملی خیموں اور کمبلوں پر مشتمل 95 ٹن سامان لبنان کے لیے روانہ کیا گیا۔امدادی سامان بردار ہوائی جہاز اسلام آبادانٹر نیشنل ائیرپورٹ سے بیروت، لبنان کے لیے روانہ ہوا۔سامان روانگی تقریب میں ایم این اے انجم عقیل خان اور لبنان کے سفیر سمیت این ڈی ایم اے اور وزارت خارجہ کے نمائندگان اسلام آباد انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر موجود تھے۔ انجم عقیل خان نے فلسطین اور لبنان میں جاری جنگی صورتحال اور وہاں کی عوام کی ضروریات کے پیشِ نظر متاثرہ آبادی کو امداد فراہم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور ان کوششوں کو بڑھانے کے لیے فلاحی تنظیموں اور پاکستانی عوام کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔پاکستان کی جانب سے فلسطین اور لبنان کے لیے امدادی سامان کی یہ 18 ویں کھیپ ہے۔اس سے قبل فلسطین کے لیے 12 امدادی کھیپیں جبکہ لبنان کے لیے یہ چھٹی امدادی کھیپ ہے، بھیجی گئی امداد کا مجموعی حجم 1,705 ٹن ہے۔حکومتِ پاکستان لبنان اور فلسطین کی جنگ زدہ عوام کی ضروریات کے مطابق امدادی سامان بھیجنے کے سلسلے کو جاری رکھے ہوئے ہے۔وزیر اعظم کی ہدایت پر ”غزہ اور لبنان کے لیے وزیر اعظم ریلیف فنڈ” کے نام سے ایک خصوصی اکاؤنٹ کے قیام کا اعلان بھی کیا تھا. جس کے ذریعے عوام کی جانب سے عطیہ کی گئی امداد اکٹھی کی جائے گی .تاکہ غزہ اور لبنان کے مشکل میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد ہوسکے۔
پاکستان کی جانب سے لبنان اور غزہ کیلئے 17ویں امدادی کھیپ روانہ
Oct 29, 2024 | 18:19