1530میگاواٹ کا تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ، 2025 میں تکمیل کیلئے تعمیراتی کام تیز کردیا گیا

Oct 29, 2024 | 20:53

چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی(ریٹائرڈ) نے 1530میگاواٹ صلاحیت کے زیر تعمیر تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کا دورہ کیا اور پراجیکٹ پر تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ چیئرمین نے پراجیکٹ کی اہم سائٹس کا تفصیلی دورہ کیا ،جن میں ریزڈ اِن ٹیک ، ٹنل اور پاور ہاؤس شامل ہیں ۔ مذکورہ سائٹس پر بریفنگ کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر اور کنسٹرکشن منیجر نے چیئرمین کو اِن سائٹس پر اہم اہداف کے حصول کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ اُنہیں بتایا گیا کہ ٹنل میں سپورٹ ورک مکمل ہو چکا ہے جس کے بعد Connecting ٹنل کی تعمیر کا کام شروع کر دیاگیا ہے ۔ پاور ہاؤس میں تینوں پیداواری یونٹوں پر ڈرافٹ ٹیوب سمیت دیگر آلات کی تنصیب کا کام جاری ہے ، جبکہ ریزروائر میں پانی مطلوبہ لیول تک کم ہونے پر ریزڈ اِن ٹیک سٹرکچر پر بھی کام دوبارہ شروع ہوجائے گا۔ سائٹ کے دورے کے بعد چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کی ۔جنرل منیجر تربیلا ڈیم ، پراجیکٹ ڈائریکٹر تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ ، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹر نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں پراجیکٹ پر مجموعی پیش رفت بارے بریفنگ دی گئی ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پراجیکٹ کی تمام 6 سائٹس پر تعمیراتی کام بیک وقت جاری ہے ۔پراجیکٹ کی تکمیل 2025-26 میں متوقع ہے ۔ پراجیکٹ کی ٹائم لائنز کے مطابق تکمیل پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ پراجیکٹ کو شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کیلئے کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرکی جانب سے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے ۔ جبکہ مذکورہ مقصد کے لئے اضافی وسائل کی فراہمی بھی نہایت اہم ہے ۔ تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ ، واپڈا کے ماحول دوست اور کم لاگت بجلی پیدا کرنے کے پروگرام کا حصہ ہے ۔ منصوبے کی تعمیر کے لئے ورلڈ بنک 390 ملین ڈالرجبکہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک 300 ملین ڈالر مہیا کر رہا ہے ۔ پانچویں توسیعی منصوبے کے تحت تربیلا ڈیم پراجیکٹ کی ٹنل نمبر5 پر تین پیداواری یونٹ نصب کئے جارہے ہیں۔ اِن میں سے ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت 510 میگاواٹ ہے ۔ منصوبہ نیشنل گرڈ کو ہر سال اوسطاً ایک ارب 34 کروڑ 70 لاکھ یونٹ پن بجلی فراہم کرے گا ۔ پانچواں توسیعی منصوبہ مکمل ہونے پر تربیلا سے بجلی کی پیداوار 4 ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6 ہزار 418میگاواٹ ہو جائے گی ۔

مزیدخبریں