ریاض: وزیراعظم شہبازشریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔وزیراعظم شہبازشریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی .جس میں وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ وزیراعظم نے اعلیٰ سطح کے سعودی وفد کے حالیہ دورے کا ذکرکیا اور دستخط کردہ مفاہمت کی یادداشتوں کی بنیاد پر معاشی شراکت کا احاطہ کیا۔وزیراعظم نے ترقی کے لئے سعودی ولی عہد کی دور اندیش قیادت کو سراہا اور پرتپاک مہمان نوازی پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا،.ونوں رہنماؤں نے مضبوط پاکستان، سعودی اقتصادی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔
علاوہ ازیں ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا، وزیراعظم نے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے معاملات پر حمایت پر اظہار تشکر کیا جب کہ دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری اسرائیلی جارحیت پر تشویش کا بھی اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مشترکہ مذہبی اور ثقافتی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں اور وقت کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں جب کہ سعودی وژن 2030 پاکستان کے کلیدی پالیسی مقاصد سے ہم آہنگ ہے۔