سری نگر : بھارتی فوج کی فائرنگ سے تین کشمیری نوجوان اور ایک خاتون شہید‘ متعدد زخمی

سری نگر (ریڈیو مانیٹرنگ+ اے ایف پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے تین کشمیری نوجوان اور ایک خاتون شہید ہو گئے جبکہ کئی زخمی ہوئے۔ بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران احتجاج کرنے والے کشمیریوں پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی۔ یہ واقعہ سری نگر سے 40کلومیٹر دور قصبہ ترال میں ہوا۔ بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شہید ہونے والوں میں دو پاکستانی شامل ہیں یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 1984ء سے بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں میں تقریباً 47ہزار کشمیری شہید ہو چکے ہیں جبکہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کیلئے بھرپور جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ پولیس پارٹی پر دکانداروں نے شوپیاں کے ایک حساس علاقہ میں مبینہ حملہ کر دیا ۔ دکاندار پولیس پارٹی کی جانب سے کی جا رہی تلاشی کی مخالفت کر رہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ دکانداروں کے حملہ میں پولیس ٹیم کے5 جوان زخمی ہو گئے ۔ اس سال مئی میں دو خواتین کی عصمت ریزی اور قتل کے بعد شوپیاں میں پولیس کے خلاف زبردست نفرت پائی جاتی ہے ۔ کئی دکانات اور تجارتی اداروں کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی نہیں دکھائی دے رہی ہے ۔

ای پیپر دی نیشن