کراچی/اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+وقت نیوز+ریڈیو نیوز+مانیٹرنگ ڈیسک+ نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ ہمخیال، ضیاءگروپ نے بھی متحدہ مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ پیر پگاڑا نے کہا ہے کہ نوازشریف بہت مغرور ہو چکے ہیں تاہم انہیں عزت کے ساتھ مجوزہ آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کی دعوت دینگے۔ سابق وزیراعظم ظفر اللہ جمالی نے بھی کہا ہے کہ وہ نوازشریف کے پاس جانے کیلئے تیار ہیں۔ گزشتہ روز کنگری ہاﺅس کراچی میں پیر پگاڑا سے مسلم لیگ ہمخیال کے سلیم سیف اللہ، ہمایوں اختر، غفار قریشی اور مسلم لیگ ضیا گروپ کے اعجاز الحق نے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیر پگاڑا نے کہا کہ وزیراعظم اپنا بچہ ہے۔ ہر کوئی کہتا ہے 5 سال پورے کرونگا مگر ایسا ہوتا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرف کا مسلم لیگ سے کوئی واسطہ ہے نہ اے این پی کا تعلق۔ لیکن اے این پی سے الائنس کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد حکومت گرانے کیلئے نہیں ہو رہا۔ تاہم حکومت کیلئے ہر دن بھاری ہے۔ الیکشن کے بعد وزیراعظم ہماری جماعت سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ میں شمولیت سے عمران خان کا مستقبل روشن ہو جائے گا لیکن اس کیلئے مرغی اذان نہیں دیگی۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد میں کسی مذہبی جماعت کو شامل نہیں کرینگے۔ لیگی دھڑوں کے اتحاد کیلئے لاہور ضرور جاﺅں گا۔ جب لاہور جاﺅں گا تو اسلام آباد بھی ضرور جاﺅں گا۔ اس موقع پر سلیم سیف اللہ نے کہا کہ مسلم لیگوں کا اتحاد ملک کی فلاح کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاروں مسلم لیگوں کا پیر پگاڑا کی سربراہی میں اجلاس جلد لاہور میں ہوگا۔ جس کی تاریخ مشاورت سے طے کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کے اشارے پر اتحاد نہیں کر رہے۔ ہوسکتا ہے تمام لیگیں اکٹھی ہونے پر نوازشریف کو سربراہ بنا لیاجائے۔ ہمایوں اختر نے کہا کہ ہر لیگی کارکن کی خواہش ہے کہ مسلم لیگ ایک ہو جائے۔ اعجاز الحق نے کہا کہ مسلم لیگ کو اکٹھا کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں، بعدازاں سلیم سیف اللہ، ہمایوں اختر اور اعجاز الحق نے سنیئر لیگی رہنما ظفراللہ جمالی سے بھی ملاقات کی۔ جس میں طے پایا کہ نوازشریف کوشمولیت کیلئے ظفر اللہ جمالی اور اعجاز الحق رضا مند کرینگے۔ واضح رہے کہ آل پاکستان مسلم لیگ کے باضابطہ قیام اور عہدیداروں کے انتخاب کیلئے لاہور میں اجلاس چودھری شجاعت کی رہائشگاہ پر ہوگا۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ظفر اللہ جمالی نے کہا متحدہ مسلم لیگ کو آگے لیکر چلنا ہے جس کیلئے نوازشریف کے پاس جانے کوتیار ہوں۔ متحدہ مسلم لیگ کا ہر عہدیدار الیکشن کے ذریعے منتخب ہوگا۔