واشنگٹن (ایجنسیاں ) گستاخانہ فلم کے خلاف پرتشدد مظاہروں کی وجہ سے پاکستان امر یکہ عسکری قیادت کی طے شدہ ملاقات ملتوی کر دی گئی۔ امریکی جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے چیئرمین جنرل مارٹن ڈیمپسی نے پاکستان کا غیراعلانیہ دورہ ملتوی کر دیا۔ جنرل ڈیمپسی نے واشنگٹن میں نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ انہیں اس ہفتے پاکستان کا دورہ کرنا تھا لیکن پاکستان میں احتجاج کی وجہ سے انہوں نے اور جنرل اشفاق پرویز کیانی نے فیصلہ کیا کہ دورہ ملتوی کر دیا جائے۔ ڈیمسپی کے مطابق یہ دورہ ملتوی کرنے کی وجہ سے ان کے پاس وقت تھا اس لئے انہوں نے افغانستان جانے کا فیصلہ کیا۔ واشنگٹن سے جاری ایک بیان کے مطابق امریکی حکام نے کہا ہے کہ جنرل کیانی اور جنرل ڈیمپسی کی ملاقات میں دہشت گردی کیخلاف جنگ سمیت متعدد امور پر بات چیت ہونا تھی۔ پاکستان میں جاری احتجاج کے پیش نظر دورہ باہمی رضامندی سے ملتوی کیا گیا تاہم مذاکرات کی نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ ثناءنیوز کے مطابق ڈیمپسی نے کہا کہ افغانستان میں تنازعات کا حل پاکستانی سرزمین سے کام کرنے والے گروپوں کے ساتھ مصالحت کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے اس بات کے حامی رہے ہیں کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں سرگرم عمل گروپوں کو مصالحت کے عمل میں شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، ایٹمی ہتھیاروں کے پھیلا¶ اور سمندری حقوق جیسے مسائل حل کرنے کے لئے امریکہ خطے کے ملکوں کی صلاحیت بڑھانے کو تیار ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے دورے کے ملتوی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل ڈمپسی کے دورے کی نئی تاریخوں کا جلد اعلان کیا جائے گا۔
جنرل ڈیمپسی / دورہ