صفدر آباد (نامہ نگار) نواحی گاﺅں عبداللہ پور کولر میں مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی کے جلسہ عام میں دو متحارب گروپوں کے درمیان اندھادھند فائرنگ کا تبادلہ، جلسہ میں بھگدڑ مچ گئی، لوگ اپنی جانیں بچانے کے لئے بغیر دستک اپنے قریبی گھروں میں گھس گئے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے ممبر قومی اسمبلی چودھری برجیس طاہر اور چودھری طارق محمود باجوہ ایم پی اے عبداللہ پور کولر کے نوجوان چودھری محمد عاصم رندھاوا کی دعوت پر عبداللہ پور کولر پہنچے ابھی تلاوت شروع ہونے لگی تھی کہ اچانک دو متحارب گروپوں میں اندھادھند فائرنگ شروع ہو گئی جس سے جلسہ میں بھگدڑ مچ گئی۔ ارکان اسمبلی، مسلم لیگی رہنماﺅں اور کارکنوں سمیت حاضرین نے دوڑیں لگا دیں جس کو جو گھر نظر آیا وہ بغیر دستک دئیے اس میں گھس گئے۔ شدید فائرنگ کے بعد ارکان اسمبلی دوبارہ سٹیج پر پھر آ گئے۔ دوبارہ جلسہ کا آغاز کر دیا اس دوران ڈی ایس پی صفدر آباد نوید ارشاد اور ایس ایچ او محمد انور موقع پر پہنچ گئے۔بعدازاں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی چودھری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ میری زندگی کا واحد مقصد علاقہ کی تعمیر و ترقی خوشحالی ہے۔ جلسہ کے موقع پر چودھری محمد عاصم رندھاوا اور ان کے سینکڑوں ساتھی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے۔ اس موقع پر عبداللہ پور کولر طلبا طالبات کے ہائی سکولوں کو ہائر سکینڈری کا درجہ دلوانے کا اعلان کیا۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چودھری طارق محمود باجوہ نے کہا کہ ہم خالی نعروں کی سیاست نہیں کرتے۔ مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جس نے ہر دور میں اس علاقہ کی تعمیر و ترقی کو ترجیح دی ہے۔