لاہور (احسان شوکت سے) پنجاب حکومت تمام تر کوششوں کے باوجود وی وی آئی پیز کی سکیورٹی کے لئے محکمہ پولیس میں چار ہزار ریٹائرڈ فوجی بھرتی کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ حتمی تاریخ گزر جانے کے باوجود صرف 1917 ریٹائرڈ فوجیوں نے ہی محکمہ پولیس میں نوکری کے لئے رجوع کیا ہے۔ پنجاب حکومت نے وی وی آئی پیز کی سکیورٹی کے لئے پولیس میں چار ہزار ریٹائرڈ فوجی بھرتی کرنے کے لئے آئی جی پنجاب کو احکامات جاری کئے تھے۔ بھرتیوں کے لئے پولیس قربان لائن سے 22 ستمبر 2012ءسے فارم دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ گذشتہ روز 28 ستمبر تھی۔ چار ہزار آسامیوں کے لئے صرف 21 سو 3 فارم حاصل کئے گئے اور ان میں سے گذشتہ روز تک صرف 19 سو 17 ریٹائرڈ فوجیوں نے ہی فارم جمع کرائے۔ ذرائع کے مطابق پولیس حکام نے صورتحال سے پنجاب حکومت کو آگاہ کر دیا ہے جس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ ماضی میں اگر کس بھی ضلع میں ریٹائر فوجی نے محکمہ پولیس میں نوکری کے لئے درخواست دی تو اسے بھی ان آسامیوں کے امیدوار میں شامل کر لیا جائے مگر یہ تعداد بھی آسامیوں کی نسبت بہت کم ہے۔ پنجاب حکومت کو یہ آسامیاں پر کرنے کے لئے مزید 2 ہزار سے زائد امیدواروں کی ضرورت ہے جبکہ تاحال درخواستیں جمع کرانے والے 19 سو 17 امیدواروں کو میڈیکل ٹیسٹ، جسمانی پیمائش اور انٹرویو کے مراحل سے گزرنا ہے۔ اگر تقرریاں میرٹ پر کی جائیں تو کئی سو امیدوار نااہل قرار پا سکتے ہی۔ ایک سابق پولیس افسر کا کہنا ہے کہ حکومت محکمہ پولیس کو بھی عارضی بنیادوں پر چلانے کی کوشش کر رہی ہے۔ صوبہ میں لاکھوں بےروزگار نوجوان نوکری کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں مگر حکومت ناجانے کس کی خوشنودی کے لئے کنٹریکٹ پر ریٹائرڈ فوجی بھرتی کرنا چاہتی ہے۔ اگر ہم پولیس کی تاریخ چیک کریں تو چند ہزار آسامیوں کے لئے لاکھوں درحواستیں موصول ہوتی تھیں مگر اب دلچسپ صورتحال یہ ہے کہ حکومت کو محکمہ پولیس میں نوکری کے لئے ریٹائرڈ فوجی نہیں مل پا رہے ہیں۔
بھرتی / ناکام
کوشش کے باوجود پنجاب حکومت اہم شخصیات کے لئے 4 ہزار ”محافظ“ بھرتی نہ کر سکی
Sep 29, 2012