عمران سے شکوہ نہیں، ان پر حاوی مالداروں سے مسئلہ ہے، شیریں مزاری

Sep 29, 2012

اسلام آباد (وقت نیوز) تحریک انصاف کی سابق رہنما شیریں مزاری نے کہا ہے کہ مجھے عمران سے کوئی گلہ شکوہ نہیں ہے لیکن ان پر جو مالدار شخصیات کا گروپ حاوی ہو رہا ہے ان سے مسئلہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وقت نیوز کے پروگرام ٹو نائٹ ود فہد حسین میں گفتگو میں کیا۔ پروگرام میں تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر ہمایوں مہمند نے بھی شرکت کی۔ ”تحریک انصاف کا مستقبل کیا ہو گا“ کے موضوع پر گفتگو میں شیریں مزاری کا کہناتھا کہ پارٹی میں مالدار شخصیات کا غلبہ ہے عمران خان کو چاہئے تھا پہلے پارٹی میں آنے والوں کو نظریہ بتاتے اس کے بعد بڑے بڑے عہدے دیتے کیونکہ ان میں سے کسی کو بھی نظرئیے کی سمجھ نہیں ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر ہمایوں کا کہناتھا کہ سیاست میں لابنگ سے کام ہوتا ہے لڑائی جھگڑے سے نہیں۔ پارٹی نہیں بدلی بلکہ بہتری کی طرف جا رہی ہے اور اگر ڈاکٹر شیریں کولگتا ہے کہ پارٹی بدل گئی ہے تو یہ ان کا ذاتی موقف ہے۔ ڈاکٹر شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اب روایتی جماعت بن گئی ہے اور لاہور جلسے کے بعد جو لوگ پارٹی میں آئے وہ پارٹی کا تشخص بدلنے کا سبب بنے ہیں۔ ڈاکٹر ہمایوں نے کہا کہ شیریں نظریات پر قائم رہنے والی خاتون ہیں جہاں مرضی جائیں، مگر رہیں گی تحریک انصاف کے ساتھ ۔ فہد حسین کے سوال کہ ”تحریک انصاف کے جلسوں کیلئے پیسہ کہاں سے آتا ہے“ کے جواب میں ڈاکٹر ہمایوں کا کہنا تھا کہ بیرون ملک تحریک انصاف کے ورکرز جلسوں کا پیسہ دیتے ہیں۔
ٹونائٹ ود فہد

مزیدخبریں