زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے عوام دل کھول کر عطیات دیں : شہباز شریف کی اپیل

زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے عوام دل کھول کر عطیات دیں : شہباز شریف کی اپیل

Sep 29, 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بلوچستان کے زلزلہ زدگان کے لئے وزیراعظم کے ریلیف فنڈ میں دل کھول کے عطیات دیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے بلوچستان کے زلزلے میں بے گھر اور زخمی ہونے والے افراد آپ کی توجہ کے منتظر ہیں اور مجھے یقین ہے کہ پنجاب کے عوام اپنی ماضی کی روایات پر عمل کرتے ہوئے دکھی بہن، بھائیوں کی توقع پر پورا اتریں گے۔ پنجاب کے عوام، صنعتکاروں، تاجروں اور صاحب ثروت حضرات نے ہمیشہ ایسے موقعوں پر میری آواز پر لبیک کہا ہے اور اس مرتبہ بھی مجھے ان سے بہت توقعات ہیں۔کے پی کے میں بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی کے لئے پنجاب کے عوام نے ڈیڑھ ارب روپے کی خطیر رقم جمع کرائی تھی، بلوچستان کے زلزلہ زدگان کے لئے جمع کی جانے والی رقم سے متاثرہ علاقے میں عوام کے لئے بھی جدید ہسپتال تعمیر کریں گے، مصیبت کی اس گھڑی میں دکھی انسانیت کی مدد کرنے والوں کو اﷲ تعالیٰ دنیا اور آخرت دونوں میں اس کا اجر دے گا۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ زلزلہ متاثرین کی امداد اور بحالی کی سرگرمیوں کے حوالے سے جامع پلان مرتب کرنے کیلئے اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے کہاکہ مصیبت اور مشکلات میں گھرے بلوچ عوام کی مدد کارخیر ہے، متاثرین زلزلہ کی امداد اور بحالی ہماری قومی اور دینی ذمہ داری ہے۔ پنجاب حکومت اور صوبے کے عوام ہر وقت پیش پیش رہیں گے۔ امداد اور بحالی کیلئے جامع پلان مرتب کر لیا ہے اور امدادی اشیاءکی روزانہ کی بنیاد پر بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں فراہمی تیزکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب حکومت اور عوام بلوچستان کے زلزلہ زدگان کے ساتھ کھڑے ہیں اور انکی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، اپنا ہیلی کاپٹر بھی بلوچستان میں امدادی سرگرمیوں کیلئے وقف کردیا ہے۔چیف سیکرٹری اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے پنجاب حکومت کی جانب سے امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے کاموں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا امدادی سامان کے تین سی130- طیارے بلوچستان بھجوائے جا چکے ہیں۔
شہبازشریف

مزیدخبریں