نیویارک نئی دہلی (آئی این پی) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر باراک اوباما نے کالعدم لشکر طیبہ کو پوری دنیا کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے بھارت کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان پر ممبئی حملوں میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے زور دیا جائیگا۔امریکی صدر سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم منموہن سنگھ نے سرحد پار دہشت گردی، ممبئی حملوں اور پاکستان سے تعلقات میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اوباما نے کہا کہ پاکستان میں موجود کالعدم لشکر طیبہ پوری دنیا کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ امریکہ اور بھارت نے دہشت گردی سے درپیش خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان پر زور دیا کہ وہ ممبئی حملوں کے منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔ انہوں نے ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی ،اس کے انفراسٹرکچر ، القاعدہ اور کالعدم لشکر طیبہ سمیت دیگر دہشت گردوں کا نیٹ ورک جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ختم کرنے کا عزم کا اعادہ کیا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ منموہن سنگھ نے اوباما سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان کی صوبہ پنجاب کی حکومت امریکہ حافظ محمد سعید کی مالی معاونت کر رہی ہے۔ منموہن نے اوباما کو بتایا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اقدامات نہیں کر رہا جس کے باعث اس سے تعلقات کو آنے بڑھانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
منموہن اوباما