گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) گوجرانوالہ میں ٹریول ایجنسی کا مالک 40 سے زائد شہریوں کو سستا حج کروانے کا جھانسہ دیکر کروڑوں روپے لیکر فرار ہوگیا، ایف آئی اے نے ٹریول ایجنٹ کیخلاف کارروائی کی بجائے تسلیاں دیکر بھجوا دیا، متا ثرین سراپا احتجاج بن گئے۔ گوجرانوالہ اور گردونواح کے 40 سے زائد شہریوں نے جناح سٹیڈیم کے قریب واقع المکہ انٹرنیشنل ٹریول کے مالک الطاف حسین کے جھانسے میں آکر حج کیلئے 4 لا کھ 65 ہزار روپے فی کس جمع کروا کر اپنے پاسپورٹ دے رکھے تھے جس نے تمام افراد کو یکم اکتوبر کو ان کی ٹکٹ کنفرم ہونے کی نوید سنا رکھی تھی۔ تاریخ قریب آنے کے باوجود کوئی رابطہ نہ کرنے پر خود فون کئے لیکن نمبر بند تھے جس پر وہ ٹریول ایجنسی پہنچے تو اردگرد قائم ٹریول ایجنسی والوں نے بتایا کہ گذشتہ چند روز سے الطاف دکان کو تالے لگا کر فرار ہوگیا ہے۔ متا ثرین نے ایف آئی اے سے رابطہ کیا لیکن شنوائی نہ ہوئی۔ متاثرین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انکے ساتھ فراڈ کرکے فرار ہونیوالے جعلساز ٹریول ایجنسی کے مالک کو فوری گرفتار کیا جائے۔