سٹیج اداکارہ آرزو خان قتل‘ فن کاروں کا احتجاجی مظاہرہ‘ ریلی

Sep 29, 2013

ملتان‘ مظفرگڑھ (سٹاف رپورٹر‘ نامہ نگار) نامعلوم 3 نقاب پوشوں نے فائرنگ کر کے ڈرامہ آرٹسٹ کو قتل کر دیا۔ اداکارہ آرزو خان سٹارلٹ تھیٹر سے شو ختم ہونے پر گھر پہنچی ہی تھی کہ گھات لگائے ملزمان نے دیکھتے ہی گولیاں مار دیں۔ فنکارہ سر میں لگنے والی گولی سے موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ قتل کیخلاف آرٹسٹوں‘ پروڈیوسروں اور ڈائریکٹروں نے سنگم تھیٹر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ڈیرہ اڈا چوک تک ریلی نکالی۔ تفصیل کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب نیو سبزی منڈی محلہ رحمن پورہ میں 3 نقاب پوش نامعلوم افراد نے ملتان تھیٹر کی معروف اداکارہ آرزو خان پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ اداکارہ سٹیج شو ختم کر کے رات 2 بجے کے قریب گھر پہنچی تھی کہ انکے گھر کے باہر پہلے سے گھات لگائے مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔ گولی سر میں لگنے سے اداکارہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ قتل کیخلاف شہر بھر کے آرٹسٹوں‘ پروڈیوسروں اور متعدد ہدایت کاروں نے اعجاز چوہدری اور رمضان شہزاد کی قیادت میں سنگم تھیٹر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور بعدازاں سنگم تھیٹر سے ڈیرہ اڈا چوک تک احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاءنے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ شرکاءنے کہا کہ تھیٹروں پر غنڈہ عناصر سرعام دندناتے پھرتے ہیں جبکہ معلومات ہونے کے باوجود پولیس ان کے خلاف کارروائی نہیں کرتی۔ انہوں نے کہاکہ فنکاروں کو تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے ورنہ بھوک ہڑتال کریں گے اور دھرنا دیں گے۔ اداکارہ کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ان کے آبائی علاقے مظفرگڑھ لے جایا گیا جہاں گزشتہ شام 7 بجے ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ ڈیرہ اڈا چوک پر مظاہرے میں اعجاز چوہدری‘ زوار بلوچ‘ شیخ نعیم‘ عابد صدیقی‘ وحید ڈوگر‘ رمضان شہزاد‘ کوثر بھٹی‘ ناصر مستانہ‘ مظہر احسن‘ ارم خان‘ زرقا شہزادی‘ کرن خان‘ فیصل منیر‘ سکندر بھٹہ‘ سیف بوٹا‘ اقبال وکی‘ زاہد خان‘ سجاد شوکی‘ منہاس‘ ندیم ننھا‘ شوکت راحیل و دیگر نے شرکت کی۔ تھانہ شاہ رکن عالم کے مطابق پولیس نے اداکارہ کے ڈرائیور تنویر اور رانا احسان کو گرفتار کر لیا ہے اور تفتیش کی جا رہی ہے۔ ادھر مرحومہ کے بھائی سونو خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کو کسی پر شک نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ رات معراج تھیٹر میں پرفارم کر رہے تھے کہ انہیں آرزو خان پر فائرنگ کی اطلاع ملی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس تھانہ شاہ رکن عالم نے آرزو خان کے بڑے بھائی قاصد عباس کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق مرحومہ کا آبائی تعلق چکوال سے ہے اور والد فوج میں سپاہی تھے۔ 1992ءمیں مقتولہ کا خاندان چکوال سے نقل مکانی کر کے مظفرگڑھ آ گیا۔ آرزو خان کومنڈا چوک قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ آرزو خان کے سوگواران میں ان کی والدہ‘ بڑا بھائی قاصد عباس اور سٹیج ایکٹر عباس عرف سونو خان شامل ہیں۔

مزیدخبریں