صلاحیتوں کے اظہار کیلئے بیوٹی سیلون کھولا:”ماڈل، اداکارہ میک اپ آرٹسٹ”نادیہ حسین“ سے بات چیت

عنبرین فاطمہ”نادیہ حسین“ فیشن انڈسٹری کا ایک بہت بڑا نام اور اس شعبے میں نئے آنے والوں کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں ۔”ڈینٹسٹری“ میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کے دوران ہی ماڈلنگ کی دنیا میں قدم رکھا اس کے بعد اداکاری میں بھی قسمت آزمائی۔دونوں شعبوں میں ان کے کام کو ہر لحاظ سے بہت سراہا گیا ۔گزشتہ دو دہائیوں سے ان کی کامیابیوں کا سفر جاری ہے اس دوران وہ پوری دنیا میں لا تعداد ماڈلنگ شوز اور متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں۔نادیہ حسین کا تعلق فنون لطیفہ کے قدردان گھرانے سے ہے اور وہ رشتے میں معروف فنکارہ ٹینا ثانی کی بھانجی ہیں۔کیرئیر کے عروج پر شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ نادیہ پاکستانی فیشن انڈسٹری کو بین الاقوامی سطح پر کامیابی دلانے کا جذبہ رکھتی ہیں۔تاہم اب انہوں نے حال ہی میں اپنا سیلون بھی کھولا ہے ۔اس حوالے سے ہم نے ان سے انٹرویو کیا۔”نادیہ حسین “ نے کہا کہ ماڈلنگ اب ساری عمر توکی نہیں جا سکتی لہذا مجھے لگ رہا تھا کہ کوئی ایسا کام بھی کرنا چاہیے جس سے اپنی صلاحیتوں کو مزید آزمانے کا موقع میسر آئے پھر مجھے خیال آیا کہ سیلون کھولنا بہترین آئیڈیا ہے چونکہ میری تمام عمرماڈلنگ انڈسٹری میں گزری ہے میک اپ اور فیشن ٹرینڈز سے بخوبی واقف ہوں اس لئے مجھے لگا کہ میں یہ کام بہترین انداز میں کر سکتی ہوں۔میں نے جب اپنے سیلون کا اعلان کیا تو مجھے اپنی ہی فیلڈ سے خاصی پذیرائی ملی پھر جب اس کے افتتاح کا موقع آیا تو جس طرح سے لوگوں نے حوصلہ افزائی کی وہ لفظوں میں بیان نہیں کی جا سکتی۔میں ہمیشہ معیاری کام کو ترجیح دیتی ہوں ماڈلنگ میںبھی وہ کام کیا جو دل کو اچھا لگا۔جہاں تک میک اپ میں میری چوائس ہے تو مجھے سافٹ میک اپ زیادہ پسند ہے اور یہی چیز میں اپنے سیلون میں بھی پرموٹ کر رہی ہوں ہیوی قسم کا میک اپ خوبصورتی کو گھٹا دیتا ہے۔جو خواتین یہ سمجھتی ہیں کہ ہیوی میک اپ ان کی خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے تو یہ ان کی صرف خام خیالی ہے۔میں سمجھتی ہوں کہ نفاست اور خوبصورتی سے کیا جانے والا ہلکا میک اپ خواتین کے چہرے کی تازگی کو برقرار رکھتے ہوئے اسے شاداب رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔میرے حساب سے میک اپ ایک غیر معمولی فن ہے زیادہ تر خواتین میک اپ کی دلدادہ ہوتی ہیں فیشن کی مناسبت سے نت نئے تجربات بھی کرتی رہتی ہیں۔کچھ خواتین تو میک اپ کرنے کی اتنی ماہر ہوتی ہیں کہ انہیں کسی تربیت کی ضرورت نہیں رہتی ۔اسی طرح کچھ خواتین کی معلومات میک اپ کے بارے میں نہ ہونے کے برابر ہوتی ہیں اور وہ میک کرتے وقت توازن نہیں رکھتیں جس سے وہ خوبصورت لگنے کی بجائے بھدی نظر آتی ہیں۔میرے سیلون میں جو بھی خواتین یا لڑکیاںآتی ہیںانہیں میں پہلے ان کے چہرے اور رنگت کے حساب سے میک اپ ٹپس دیتی ہوں اس کے بعد ٹرینڈز کے مطابق سافٹ میک اپ کرتی ہوں۔بہت سارے سیلونز میں ہیوی قسم کی بیس لگا کر اس پر میک اپ کیا جاتا ہے جو کہ دیکھنے میں بالکل بھی دلکش نہیں لگتا ہے۔چہرے پر بیس کااستعمال اتنا زیادہ نہیں ہونا چاہیے مناسب انداز میں بیس لگائیںاور بیس ایسی نہیں ہونی چاہیے جو گرمی کے موسم میں بالکل ہی خراب ہوجائے اور چہرہ بھدہ نظر آنے لگے۔بیس خریدتے وقت کچھ باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے جیسے کہ کمپنی اچھی ہونی چاہیے اور سستے کے چکر میں چہرے کی جلد کے ساتھ تجربات نہ کریں۔چہرے کی رنگت اور موسم کی مناسبت سے بیس خریدیں۔بیس لگاتے اور میک اپ کرتے وقت توازن سے کام لیں اکثر خواتین پورے چہرے پر صرف آنکھوں کی آرائش کو اہمیت دیتی ہیںبعض ہونٹوں کو نمایاں کرتی ہی یہ طریقہ سراسر غلط ہے کیونکہ گہرے رنگ کی لپ اسٹک کے ساتھ آنکھوں کا سرمئی میک اپ ڈراﺅنا تاثر دے گا۔مجھے ایک دم کالی آنکھیں بالکل نہیںپسند۔آنکھوں میںکاجل مسکارا لگائیں کنٹورنگ اچھے انداز میں کی جائے تو آنکھوں کو کالا کرنے کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔آنکھیںچہرے پر سب سے نمایاں ہوتی ہیں آنکھوں کا میک اپ ایک سادہ مگر فنکارانہ تخلیق ہے اور شخصیت میں ایک بڑی تبدیلی کا باعث بنتا ہے۔آنکھوں کے میک اپ کو مد نظر رکھتے ہوئے کچھ بنیادی چیزوں کو ضرور اپنے ذہن میں رکھیں۔آئی شیڈز آپ کو کریم ،پاﺅڈر اور کمپیکٹ تنیوں اقسام اور ہر رنگ میں ملتے ہیںلیکن اس بات کا خیال رکھیں کہ اگر آپ کی آنکھوں کا رنگ نیلا ہے تو آئی شیڈز بھی نیلے رنگ کا استعمال کریںآنکھ کی پتلی کا جو رنگ ہوتا ہے وہ آپ کا صحیح رنگ ہے ۔اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کی آنکھیں ایک دوسرے سے فاصلے پر نظر آئیں تو آپ ان کے لئے میٹ فلش شیڈز گہرے شیڈز میں استعمال کریں اور آہستگی کے ساتھ اندر اور باہر لگائیں اور پلکوں کے اوپر نیچے بھی لگائیں۔آپ اس کی بجائے لائنر یا پنسل بھی استعمال کر سکتی ہیں۔باہر کی طرف لائن کو تھوڑا گہرا کر لیں اور آخر میں تھوڑا سا اوپر کی طرف خم دیں۔آنکھوں کو بڑا دکھانا ہو تو ہلکے شیڈز میںایک نیوٹرل شیڈز آنکھ کی پتلی سے بالکل اوپر پلکوں پر لگائیںاگر آپ نیوٹرل کی جگہ کلر استعمال کرنا چاہتی ہیں تو نیوٹرل کلر لگانے کے بعد ان پر کلر شیڈز لگائیں۔ایک سوال کے جواب میں نادیہ حسین نے کہا کہ جلد کی خوبصورتی خواتین کےلئے بہت اہمیت رکھتی ہے جلد بہت حساس ہوتی ہے اس لئے ہر چیز کا اثر اس پر بہت جلد ہوتا ہے جیسے موسم گرما میں جلد چکنی ہوجاتی ہے اور موسم سرما میںخشک اس لئے اس کی حفاظت بھی انتہائی ضروری ہے اکثر دیکھنے میں آتا ہے کہ خواتین کسی پارٹی یا فنکشن سے واپسی پر اپنے چہرے پر کئے ہوئے میک اپ کو صاف نہیں کرتیں جو بعد میںان کی جلد کےلئے مسائل کو جنم دیتا ہے جلد کی قدرتی چمک تو خراب ہوجاتی ہے اور جلد پر داغ دھبے پڑ جاتے ہیں اور پھر خواتین معالج کا رخ کرتی ہیںاگر تھوڑی سی دیکھ بھال کر لی جائے اور میک اپ کو سونے سے قبل دھو لیا جائے تو جلد کو نقصان پہنچنے سے نہ صرف بچایا جا سکتا ہے بلکہ جلد خوبصورت اور چمک دار ہوجاتی ہے۔نادیہ نے مزید کہا کہ میک اپ مکمل ایک آرٹ ہے اور اس آرٹ سے ہر کوئی واقف نہیں ہوتا ہے اس لئے تجربات سے کام لینے کی بجائے اچھی بیوٹیشن کے پاس جائیں ٹپس لینے کے ساتھ ساتھ ایسا میک اپ کروائیں جس سے آپ کم عمر نظر آئیں جہاں تک ہئیر سٹائل کی بات ہے تو آجکل کرلی بالوں کے ساتھ ہئر سٹائل فیشن کی دنیا میں کافی مقبول ہیں۔کچھ خواتین بالوں کو آئرن کرنے کا شوق رکھتی ہیں یوں آئرن کرنے کا رواج گزشتہ کئی برسوں سے فیشن کی دنیا میں خواتین کی اولین چوائس بنا ہوا ہے۔میک اپ کے ساتھ ساتھ میں جھریوں اور چھائیوں کے خاتمے کا ٹریٹمنٹ بھی اپنے سیلون میں کرتی ہوں یہ دونوں ایسی بیماریاں ہیں جو براہ راست خوارک کھانے یا نہ کھانے سے تعلق نہیں رکھتیں ہاں مسلسل ٹریٹمنٹ سے کم ضرور ہوجاتی ہیںاس لئے ایک مرتبہ اگر آپ جھریوں اور چھائیوں کے خاتمے کا ٹریٹمنٹ شروع کر لیں اس کو اس وقت تک جا ری رکھیں جب تک ضروری ہے ادھورا ٹریٹمنٹ چھوڑنے سے چھائیاں اور جھریاں پھر سے چہرے پر نمایاں ہوجاتی ہیں۔باقی خدارا میک اپ کے معاملے میں اپنی جلد کے ساتھ تجربات کرنے سے باز رہیں۔

ای پیپر دی نیشن