معاہدہ طے پاگیا، طاہر القادری نے کارکنوں کو4 اکتوبر کو واپسی کا سگنل دیدیا:ذرائع

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کارکنوں کو 4 اکتوبر کو گھروں کو روانہ ہونے کا گرین سگنل دے دیا‘ عوامی تحریک کے بیشتر مطالبات پر عملدرآمد کیلئے ایک مقتدر شخصیت نے یقین دہانی کرادی‘ عوامی تحریک کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کے اعلان کیساتھ ہی  مطالبات کی منظوری کا حکومت‘ عوامی تحریک کامعاہدہ حوالے کردیا جائے گا۔ باوثوق  ذرائع نے  بتایا ہے کہ وفاقی حکومت نے تحریک انصاف کو تنہا  کرنے کیلئے عوامی تحریک کے تمام مطالبات تسلیم کرنے کی مکمل یقین دہانی کرادی ہے جس پر عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے کارکنوں کو 4 اکتوبر کو گھروں کی واپسی کا گرین سگنل دیتے ہوئے انتظامات کو حتمی شکل دینے کا حکم دیا ہے۔  ذرائع نے مزید بتایا کہ مطالبات کی منظوری کی ذمہ داری ایک اہم مقتدر شخصیت نے قبول کی ہے۔ حکومت عوامی تحریک کے کارکنوں کو گھروں کی واپسی کیلئے 2 ہزار بسیں اور دیگر سہولیات فراہم کرے گی۔ عوامی تحریک کے سربراہ سمیت تمام کارکنوں کیخلاف درج مقدمات واپس لے لئے جائیں گے۔ کارکنوں کو 3 اکتوبر سے قبل رہا کردیا جائے گا اور ان کو گھروں تک جانے کیلئے 10 ہزار روپے فی کس بھی دئیے جائیں گے۔ ماڈل ٹائون واقعہ پر آزاد کشمیر اور  خیبر پی کے سے پولیس افسران تفتیش کریںگے جبکہ حساس ادارے بھی ان کی معاونت کریں گے۔ فیصلہ ایک ماہ کے اندر کیا جائے گا اس کے بعد نواز شریف سمیت دیگر 11 افراد کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ الزامات ثابت ہونے پر مذکورہ بالا افراد نہ صرف استعفے دیں گے بلکہ ان کی گرفتاریاں بھی کی جاسکیں گی۔

ای پیپر دی نیشن