جنوبی ایشیا میں عدم استحکام اور دہشت گردی کا ذمہ دار خود بھارت ہے: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی جنرل اسمبلی میں تقریر دینا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش ہے۔ جنوبی ایشیا میں عدم استحکام اور دہشت گردی کا ذمہ دار خود بھارت ہے جس نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ جما رکھا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کے جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر مضبوط موقف اختیار کرنے سے مودی بوکھلا گیا۔ انکا خطاب کشمیری و پاکستانی قوم کے جذبات کا ترجمان تھا تاہم حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ بھارت کی آبی دہشت گردی کے مسئلہ کو بھی عالمی سطح پر اٹھائے اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا بھارت 8 لاکھ فوج کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کررہا ہے۔ اب تک لاکھوں کشمیری شہید کئے جاچکے ہیں اور آئے دن مظالم کا یہ سلسلہ شدت اختیار کررہا ہے۔ بھارت کو چاہئے کہ وہ دوسروں پر الزامات لگانے کی بجائے خود دہشت گردی کا سلسلہ ترک کرے اور اپنی  8 لاکھ فوج نکال کر کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے۔ اقوام متحدہ کو بھی چاہئے کہ وہ اپنی غیر جانبداری ثابت کرتے ہوئے اپنی قرار دادوں پر عملدرآمد کروائے۔ بھارت مسئلہ کشمیر کو خود اقوام متحدہ میں لے کر گیا مگر درجنوں قرار دادیں پاس ہونے کے باوجود ان پر عملدرآمد نہیں کررہا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ بین الاقوامی طاقتیں اور ادارے بھارت سرکار پر دبائو بڑھائیں کہ وہ نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھانے سے باز رہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام اس وقت سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث انتہائی بے بسی کے عالم میں امداد کے منتظر ہیں مگر بھارتی حکومت خود مدد کررہی ہے اور نہ ہی عالمی اداروں اور بیرون ممالک کشمیریوں کو مدد کی اجازت دی جارہی ہے۔ مودی کی جانب سے پاکستان کو مذاکرات کی پیشکش محض دھوکہ اور دنیا کو دکھانے کیلئے ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان بھارتی سازشوں کو سمجھے اور مسئلہ کشمیر وبھارتی جارحیت کے حوالے سے جرأتمندانہ رویہ اختیار کرے۔

ای پیپر دی نیشن