لاہور (نمائندہ سپورٹس) چیف آر گنائزر ٹورنامنٹ عامر الیاس بٹ نے کہا ہے کہ چھٹی ٹی۔20 ویٹرنز کرکٹ چیمپئن شپ کے مقابلوں کا آغاز آج 29 ستمبر بروز منگل سے شاہ فیصل کرکٹ گرائونڈ پر ہو جائے گا۔ نارتھ پنجاب کا افتتاحی میچ گوجرانوالہ سینئرز اور مریدکے ٹائیگر کے درمیان 11 بجے ہو گا۔ ولید یعقوب ، رانا سہیل منظور ایمپائر جبکہ محمد کاظم سکورر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں 25 ٹیمیںشرکت کر رہی ہیں۔ جنہیں دو گروپس میں تقسیم کر کے مقابلے لیگ کی بنیاد پر کرائے جائیں گے۔ اس مرتبہ مقابلوں میں لاہور سے باہر کی ٹیموںکو بھی مدعو کیا گیا۔ چیمپئن شپ کے مقابلے لاہور کے علاوہ سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ اور مریدکے میں بھی ہونگے۔ تاکہ سابقہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ کھیلنے کے مواقع مل سکیں اور یہ کھلاڑی فٹ رہ کر ملک و قوم کی خدمت کر سکیں اور مختلف کلبوں اور اکیڈمیوں میں اپنی خدمات پیش کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ 50 ہزار روپے ، رنز اپ ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ 25 ہزارروپے اس کے علاوہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑیوں، بہترین بائولر، بہترین وکٹ کیپر ، بہترین بیٹسمین ، بہترین فیلڈر اور ہر میچ میں مین آف دی میچ کو انعامات سے نوازا جائے گا۔ عامر الیاس بٹ نے کہا کہ مین رائونڈ کا باقاعدہ آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا جس کا افتتاح چیف ایگزیکٹو پاکستان ویٹرن کرکٹ ایسوسی ایشن نواب عاشق حسین قریشی کریں گے۔ یاد رہے ! کہ اس چیمپئن سے قبل دو مرتبہ میزبان ٹیم عامر کیبلز، دو مرتبہ ایس پی ایم سٹیگ اور ایک مرتبہ گولڈن ایگلز فاتح ٹرافی سر بلند کر چکی ہے۔